کوچی: کیرالہ ہائی کورٹ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک اسٹیج شو میں مبینہ طور پر توہین آمیز مواد دکھانے اور مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کرنے پر اپنے دو عہدیداروں کو ملازمت سے معطل کردیا ہے۔ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل نے کہا کہ دونوں اہلکار، ایک اسسٹنٹ رجسٹرار (اعلیٰ گریڈ) اور دوسرا کورٹ کیپر (اعلیٰ گریڈ) کو فوری طور پر معطل کر دیا جائے گا۔
رجسٹرار جنرل نے جمعہ کو جاری کردہ حکم نامے میں کہا کہ ''اس واقعہ کی انکوائری زیر التوا ہے اگر یہ دونوں خاطی پائے گئے تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی، اگر ان دونوں اہلکاروں کے پاس موجود تمام سرکاری املاک اور ان کو جاری کردہ شناختی کارڈ واپس لے لیا جائے گا"۔ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے رجسٹرار (ویجیلنس) کو ہدایت کی ہے کہ وہ واقعے کی تفصیلی انکوائری کریں اور جلد از جلد رپورٹ پیش کریں۔
مزید پڑھیں: یوگی، مودی کے خلاف قابل اعتراض پوسٹ کرنے کی پاداش میں 2 گرفتار
حکم نامہ میں کہا گیا کہ رجسٹرار کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تفصیلی وضاحت پیش کریں کہ مذکورہ بالا واقعہ کن حالات میں پیش آیا۔ حکم میں مزید کہا گیا کہ معطلی کی مدت کے دوران دونوں کو گزارہ الاؤنس اور عملی طور پر متعلقہ قواعد کے مطابق قابل قبول دیگر الاؤنسز ادا کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ کوچی میں ہائی کورٹ آڈیٹوریم میں یوم جمہوریہ کے موقع پر اسٹیج شو منعقد کیا گیا تھا جس میں یہ دونوں اہلکاروں نے مبینہ طور پر مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کی تھی۔