ممبئی: پولیس اہلکار نے بتایا کہ 'جے ایس ڈبلیو گروپ' کی طرف سے چلائی جانے والی کشتی کے عملے کے ارکان کو بچانے کا آپریشن کوسٹ گارڈ کی مدد سے شروع کیا گیا تھا۔ رائے گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سومناتھ گھارگے نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ کا ایک ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن میں تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن صبح نو بجے کے قریب شروع ہوا۔
پولیس کے مطابق کشتی کے تمام 14 عملے کے ارکان کو بچا لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر نے عملے کے ارکان کو کشتی سے نکال کر علی باغ کے ساحل پر اتارا۔ جے ایس ڈبلیو گروپ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں علی باغ ساحل کے قریب جمعرات کو انجن فیل ہونے کی وجہ سے اس کی ایک چھوٹی کشتی بحیرہ عرب میں بہہ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ کشتی پر عملے کے 14 ارکان سوار تھے۔ پولیس کے مطابق کشتی وڈکھل کے قریب کمپنی کے ڈالوی پلانٹ سے ریوڈانڈہ کے قریب سلاو یونٹ کی طرف جا رہی تھی، جہاں کلابہ قلعہ کے قریب اس کا انجن خراب ہو گیا۔ جس کے سبب کشتی تیز بہاؤ اور لہروں میں پھنس گئی تھی۔