نئی دہلی: وزیر اعلی اروند کیجریوال آج مبینہ دہلی شراب پالیسی کے ایک معاملے میں راؤس ایونیو کورٹ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پیش ہوئے ہیں۔ ان کی پیشی ایڈیشنل میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا کی عدالت میں ہوئی۔ اس سے پہلے 7 فروری کو راؤس ایونیو کورٹ نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سمن کو مسلسل نظر انداز کرنے پر اروند کجریوال کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔
عدالت نے کہا تھا کہ وہ ای ڈی کی شکایت کا نوٹس لے رہی ہے۔ سماعت کے دوران ای ڈی کی جانب سے پیش ہوئے اے ایس جی ایس وی راجو نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلی اروند کیجریوال سمن کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 50 کے تحت اروند کیجریوال کو پانچ بار سمن بھیجا گیا ہے، لیکن پانچوں بار کیجریوال نے سمن کو نظر انداز کیا اور ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ دہلی ایکسائز اسکام کیس میں عدالتی حراست میں ہیں۔ ای ڈی نے سنجے سنگھ کو 4 اکتوبر 2023 کو ان کی سرکاری رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ منیش سسودیا کو ای ڈی نے 9 مارچ 2023 کو پوچھ گچھ کے بعد تہاڑ جیل سے گرفتار کیا تھا۔ اس سے پہلے 26 فروری 2023 کو سی بی آئی نے منیش سسودیا کو گرفتار کیا تھا۔
مزید پڑھیں: سی ایم اروند کیجریوال کے گھر آج پھر پہنچی پولیس
مزید پڑھیں: ای ڈی نے اروند کیجریوال کو چوتھا سمن بھیجا، 18 جنوری کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا گیا
مزید پڑھیں: وزیراعلی اروند کیجروال کی گرفتاری کا امکان: دہلی کے وزراء
راؤس ایونیو کورٹ سنجے سنگھ کی درخواست ضمانت پہلے ہی مسترد کر چکی ہے، جس کے بعد سنجے سنگھ نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ نے منیش سسودیا کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن پارٹیاں بالخصوص کانگریس مودی حکومت پر سرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتی ہیں۔