کولکاتا:کلکتہ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران خصوصی ڈویژن بنچ نے کہا کہ کوئی بھی ایس ایس سی امیدوار (نویں-دسویں، گیارہویں-بارھویں، گروپ سی، گروپ ڈی) اگر چاہیں تو اپنی او ایم آر شیٹ دیکھ سکتے ہیں۔تاہم عدالت نے کہا کہ اس کے لیے امیدواروں کو سی بی آئی کو درخواست دینی ہوگی۔
امیدوار منگل کی شام 4 بجے تک مرکزی تفتیشی ایجنسی کو درخواست دے سکتے ہیں۔ جسٹس باسک اور جسٹس راشدی کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ اگر کسی کو او ایم آر شیٹ پر کوئی اعتراض ہے تو وہ اسے عدالت میں اٹھا سکتے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایس ایس سی کیسوں کی یہ او ایم آر شیٹس سی بی آئی نے غازی آباد سے برآمد کی ہیں۔ بعد میں انہیں مرکزی تفتیشی ایجنسی نے ہائی کورٹ میں پیش کیا تھا۔ اس مرتبہ ہائی کورٹ نے امیدواروں کو جوابی پرچہ دیکھنے کی اجازت دی۔
ایس ایس سی کیس کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے یہ بھی کہا کہ امیدوار ایس ایس سی کیس میں عدالت میں سی بی آئی اور ایس ایس سی کی طرف سے جمع کرائے گئے دستاویزات کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔ تاہم، اس کے لیے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو درخواست دینی ہوگی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اس کیس سے متعلق نہیں ہے تو وہ اس کیس سے متعلق کوئی بھی معلومات عدالت میں پیش کرنا چاہتا ہے تو وہ دے سکتا ہے۔ ہائی کورٹ ان تمام معلومات کا جائزہ لے گی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 19 فروری کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:21 لاکھ منریگا مزدوروں کے بقایات جات مغربی بنگال حکومت ادا کرے گی
سپریم کورٹ کے حکم پر ایس ایس سی کے گروپ سی، گروپ ڈی، IX-X اور XI-XII کلاسوں کے تمام مقدمات کی سماعت ہائی کورٹ کے خصوصی ڈویژن بنچ میں ہو رہی ہے۔ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق گروپ سی، گروپ ڈی اور نویں سے دسویں کی نوکریاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کچھ امیدواروں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے کیس واپس ہائی کورٹ کے خصوصی ڈویژن بنچ کو بھیج دیا ہے۔ سماعت کے پہلے دن، ہائی کورٹ نے ایس ایس سی سے کہا کہ وہ اپنی پوزیشن کوواضخ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کریں۔ عدالت جاننا چاہتی ہے کہ بے ضابطگیوں کے معاملے میں وہ کیا کررہی ہیں اور اس معاملے میں انہوں نے کیا اقدامات کیے ہیں۔