نئی دہلی: اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمان کنگنا رناوت نے بنگلہ دیش میں سیاسی بحران پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے تبصرے پر نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے آخر کار مغربی بنگال کو ہندوستان کا حصہ تسلیم کر لیا ہے۔ کنگنا کا یہ تبصرہ ممتا بنرجی کے اس بیان پر آیا ہے، جس میں وزیر اعلیٰ نے بنگلہ دیش کے تئیں مرکزی حکومت کے موقف کی حمایت کرنے کی بات کی تھی۔
کنگنا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا، "ممتا دیدی نے وزیر اعظم (نریندر مودی) کو بھی یاد کیا، آخر کار، زندگی میں پہلی بار انہوں نے بنگال کو ہندوستان کا حصہ سمجھا، مرکز کا ساتھ دیا۔ واہ! کیا بات ہے۔ وہ (ممتا بنرجی) جانتی ہیں کہ ان کا نمبر پہلے آئے گا، جن بنگلہ دیشی مہاجرین کو ووٹ بینک کے لیے رکھا گیا ہے وہ سب قطار میں آئیں گے۔
ممتا بنرجی کا بیان
غور طلب ہے کہ گزشتہ روز پیر کو بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ دینے اور زبردست احتجاج کے درمیان ملک چھوڑنے کے چند گھنٹے بعد، ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کے لوگوں سے امن برقرار رکھنے اور اشتعال انگیزی سے بچنے کی اپیل کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت اس معاملے میں مرکز کے کسی بھی فیصلے کی حمایت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ممتا بنرجی کا نیتی آیوگ کے اجلاس سے واک آوٹ، سیاسی امتیاز کا عائد کیا الزام، سیتارمن کا پلٹ وار
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھاکہ میں بنگال کے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتی ہوں، کسی بھی قسم کی افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ یہ دو ملکوں کا معاملہ ہے، مرکزی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، ہم اس کی حمایت کریں گے۔