گیا: مقدس سفر سےواپس آئے قافلے میں شامل خانقاہ قادریہ کے سید مرتضی قادری نے اپنے سفر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ اور اس کے رسول کے سوا وہاں کسی کی یاد نہیں آتی۔اس قافلے میں خانقاہ قادریہ کے زیب سجادہ حضرت سید شاہ ایاز احمد قادری قبلہ کی زوجہ محترمہ بی بی سیدہ طاہرہ خاتون، صاحبزدگان حافظ سید حسین احمد قادری اور سید مرتضی احمد قادری مع عزیز و اقارب سید عرفان حسن عرف عرفان مانپوری، سید اصدق مع زوجہ محترمہ بی بی سیدہ عزرا جبیں حج بیت اللہ کے مقدس سفر کو مکمل کر وطن واپس لوٹے ہیں۔
خانقاہ قادریہ مانپور جوڑا مسجد کے قافلے کے استقبال کے لیے خانقاہ سے وابستہ مریدین متوسلین محبین کی تعداد گیا ہوائی اڈے پر پہنچی تھی۔ اس دوران خانقاہ کے ولی عہد حضرت مولانا سید امان اللہ قادری اور خانقاہ کے نمائندہ سید تحسین احمد قادری بھی حجاج کرام کے استقبال کے لیے موجودتھے۔
گیا ہوائی اڈے پر حاجی سید اصدق نے نمناک انکھوں کے ساتھ رقت انگیز دعا فرمائی۔ اس دوران نامہ نگاروں سےمقدس سفر پر اپنے تاثرات میں سید مرتضی قادری نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا وہاں کسی کی یاد نہیں آتی۔ وقت کس طرح گزرا پتہ ہی نہیں چلا ۔جب واپسی کا وقت شروع ہوا تو عجب کیفیت تھی جسے بیان نہیں کیا
جا سکتا۔ بس دل یہی کر رہا تھا کہ یہیں پر سفر رک جائے، قلبی سکون تھا اور ایسی رونق کہ جیسے کہ چپے چپے سے نور برس رہاہو۔ انہوں نے کہاکہ بچپن سے خواہش اور ارادہ تھاکہ مقدس کعبہ کا طواف اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روضے پر حاضری ہو، اللہ رب العزت سے بس یہی دعا ہے کہ اسی طرح وہ اپنے مقدس گھر کا طواف اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا موقع ہر مسلمان کو عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں:گیا: بہار کے حجاج کرام کے پہلے قافلے کی گھنٹوں تاخیر سے گیا ہوائی اڈہ پر آمد
واضح ہوکہ بہار کے حجاج کرام کی پرواز اور واپسی کا امبارکیشن گیا ہوائی اڈہ ہے۔ یہاں حاجیوں کے قافلے کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہےاور اس نورانی قافلے میں خانقاہ قادریہ کے ارکان بھی حج کی سعادت سے مشرف ہوکر لوٹے ہیں۔