گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں میٹرک کا امتحان 15 فروری سے شروع ہونے والا ہے۔ اس کو لے کر ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ مستعد اور متحرک ہے۔ آج اس حوالے سے ڈی ایم اور ایس ایس پی کا مشترکہ جوائنٹ آرڈر بھی نکالا گیا ہے. جس میں امتحان کے لیے تعینات کیے گئے سرکاری افسران اہلکار اور اساتذہ کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ پٹنہ کے ذریعہ منعقد ہونے والے سالانہ ' میٹرک ' امتحان 2024 کو بہتر ڈھنگ سے انجام دینا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایگزامینیشن کنٹرولر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گیا کی مشترکہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ امن و امان اور رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے اور نقل سے پاک امتحان کا انعقاد کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ ہر سال طلبہ کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے اس سال گیا ضلع میں میٹرک امتحان 2024 کے لیے کل 63 امتحان مرکز قائم کیا گیا ہے۔ ان میں گیا صدر سب ڈویژن میں 45 امتحان مرکز بنایا گیا ہے شیرگھاٹی سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر میں 9، ٹکاری سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر میں 5، نیم چک بتھانی سب ڈویژن ہیٹ کوارٹر خضر سرائے میں چار امتحان مرکز بنائے گئے ہیں۔ دو نشستوں میں امتحان ہوگا۔ 15 فروری سے امتحان شروع ہوگا جو 23 فروری تک چلے گا۔ مادری زبان اردو کا امتحان پہلے دن ہوگا۔
میٹرک امتحان کو لیکر ضلع انتظامیہ نے تیاری مکمل کرلی ہے۔ ڈیوٹی بھی لگادی گئی ہے۔ شیڈول کے مطابق دو نشستوں میں میٹرک کا امتحان ہوگا اور اس میں پہلے دن 15 فروری کو مادری زبان کا امتحان ہوگا۔ جس میں اردو، ہندی، بنگلہ اور میتھلی زبانوں کا امتحان ہوگا، اسی طرح دوسری نشست میں بھی ہندی، بنگلہ، اردو اور میتھلی زبان کا امتحان ہوگا۔ طلبہ و طالبات سے تعلیمی اداروں کے افراد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ بے خوف ہوکر امتحان دیں اور کسی بھی صورت میں نقل نہیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ نقل آپ کی صلاحیتوں کو ختم کردیتی ہے اور اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے بھی نقل سے پاک امتحان کرانے کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے۔ پکڑے جانے پر کارروائی بھی ہوتی ہے۔ اس لیے وہ اس کا دھیان رکھیں۔ ہادی ہاشمی پلس ٹو اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر نفاست کریم نے اپنے پیغام میں اردو کے طلبہ سے کہا ہے کہ ہر دن وہ امتحان ہال میں جانے سے پہلے سرسری اس دن کے مضمون پر نگاہ ڈال لیں اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے امتحان دیں۔ پہلے دن آپ کی مادری زبان اردو ہے اس لیے آپ کو گھبرانے کی ضرورت بھی نہیں ہے اور اس کا فائدہ ہوگا کہ آپ کو امتحان اصول وضوابط کا علم بھی ہوجائے گا۔
ضلع انتظامیہ کی تیاری مکمل
میٹرک کے امتحان کو لے کر ضلع انتظامیہ کی جانب سے تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ آج ضلع پریشد کے کانفرنس ہال میں بھی ایک اہم نشست ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ جس میں سبھی کو ہدایت دی گئی کہ پرامن ماحول میں نقل سے پاک امتحان کا انعقاد کرانا ہے اور اس کے لیے سبھی اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیں۔ سب ڈیویزنل افسران اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے امتحان مرکز کے 200 سو میٹر کے دائرے کے لیے دفعہ 144 نافذ کریں۔ بلوٹوتھ، الیکٹرانک ڈیوائس موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک سامانوں کو ساتھ لے کر جانا سخت منع ہے۔
جوتے موزے پہن کر اجازت نہیں ہوگی
انٹرمیڈیٹ امتحان کے بعد میٹرک کے امتحان میں بھی طلبہ و طالبات کو سختی کے ساتھ منع کیا گیا ہے کہ وہ امتحان ہال میں جوتے موزے کسی بھی صورت میں پہن کر نہیں پہنچیں۔ اگر کوئی طالب علم جوتے موزے پہن کر پہنچتا بھی ہے تو اسے امتحان ہال کے باہر ہی اتار کر جانا ہوگا۔ اس سے بہتر ہے کہ طلبہ اپنے گھروں سے ہی چپل پہن کر آئیں تاکہ انہیں کسی طرح کی پریشانی واقع نہ ہو۔ ساتھ ہی امتحان ہال میں نشست کے نصف گھنٹے پہلے ہی پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یعنی کہ پہلی نشست ساڑھے نو بجے سے شروع ہوگی۔ طلبہ نو بجے تک امتحان ہال پہنچ جائیں۔ اسی طرح دوسری نشست کے لیے ڈیڑھ بجے تک امتحان ہال پہنچنا لازمی ہے۔ واضح ہو کہ اس بار میٹرک کے امتحان میں کل 79139 طلباء شریک ہوں گے۔ ان میں 39520 لڑکے اور 39619 لڑکیاں ہوں گی۔ اگر ڈیویژن سطح پر دیکھا جائے تو سب سے زیادہ صدر سب ڈویژن میں 39520 لڑکے اور 16602 لڑکیاں ہوں گی جو اس بار میٹرک کا امتحان دیں گی۔