گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں پولیس کی جانب سے وارث نگر فائرنگ معاملے میں مسلسل چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔ اس دوران پولیس نے شب برات کے دن مسلم نوجوانوں کو گولی مارنے والے بدمعاشوں میں سے ایک کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی لاء اینڈ آرڈر خورشید عالم نے بتایا کہ شب برات کے دن غیر قانونی طریقے سے بالو لیکر جارہے تیز رفتار ٹریکٹر کے معاملے میں کہا سنی ہوگئی تھی۔ اس دوران بالو مافیا اور اس کے ساتھیوں نےکچھ نوجوانوں کو پہلے بے رحمی سے پیٹا اور پھر انہیں گولی مار کر زخمی کر دیا۔اس سے علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی تھی۔لوگ مسلسل بدمعاشوں کی گرفتاری کے لیے مطالبہ کر رہے تھے۔
اس حوالے سے ڈی ایس پی نے بتایا کہ ایس ایس پی کی ہدایت پر فائرنگ کی واردات کو انجام دینے والوں کے گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔اس میں وہ خود شامل تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی ٹیم نے کنڈی محلے میں آج شب کو بدمعاشوں کے 10 سے 12 گھروں میں چھاپہ ماری کی گئی تھی۔اس دوران گولی باری کے واقعے کو انجام دینے والوں میں ایک سنجے یادو کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس پر حملہ کرنے والے شرپسند افراد گرفتار
انہوں نے بتایا کہ سنجے یادو بھی اہم ملزمان میں ایک ہے۔ اس کے خلاف پہلے سے بھی کئی مقدمات درج ہیں خاص کر غیر قانونی طریقے سے بالو اسمگلنگ کا معاملہ بھی درج ہے۔