گیا: ریاست بہار کے گیا پارلیمانی حلقہ میں پہلے مرحلے کے تحت ہونے والی ووٹنگ کے قریب آتے ہی امیدواروں کی حمایت اور مخالفت کا سلسلہ دراز ہونے لگا ہے۔ انیس اپریل کو گیا میں ووٹنگ ہونی ہے، اس مسلم پسماندہ برادریوں کی کئی تنظیموں کی جانب سے براہ راست این ڈی کی حمایت کا اعلان اور دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ آج انصاری مہا پنچایت نے بھی این ڈی اے کے اُمیدوار جیتن رام مانجھی کی حمایت کی ہے۔ گیا کے ایک ہوٹل میں پنچایت کے صدر وسیم نیئر انصاری کی قیادت میں جیتن رام مانجھی کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اس میں اقلیتی برادری کے لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اس میں خود جیتن رام مانجھی نے بھی شرکت کی۔ جب کہ پارٹی کے قومی صدر اور بہار حکومت کے وزیر سنتوش کمار سمن بھی شامل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:
وزیراعظم مودی کی گیا میں ریلی، ہندو راشٹر بنانے کا مطالبہ - Prime Minister Modi In Gaya
اس موقع پر وسیم نیئر انصاری نے کہا کہ گیا کے لیے یہ بڑی بات ہے کہ گیا لوک سبھا حلقہ سے جیتن رام مانجھی امیدوار ہیں۔ وسیم نئیر انصاری نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ جیتن رام مانجھی ایک تجربہ کار، جدوجہد کرنے والے اور بولنے والے لیڈر ہیں جنہوں نے ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے۔ وزیر ڈاکٹر سنتوش کمار سمن نے کہا کہ آج اتنی بڑی تعداد میں اقلیتی برادری کے لوگ پورے گیا لوک سبھا حلقہ سے جیتن رام مانجھی کی حمایت میں آئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ریاستی وزیر سنتوش سومن نے کہا کہ ہم اقلیتی برادری کو مناسب حصہ داری دیں گے اور سب کو ساتھ لے کر گیا کی ترقی میں اضافہ کریں گے۔ اس موقع پر شہریار انصاری، کوشلندر کمار سنگھ، مظفر حسین، عرفان انصاری، انجینئر صدام انصاری، ڈاکٹر فیروز انصاری، ممتاز انصاری، محمد نوشاد، واحد انصاری، جنید انصاری، سنجیت یادو، یاسین انصاری، فیاض انصاری اور روی جان وغیرہ موجود تھے۔