اجمیر:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح راجستھان کے اجمیر ضلع سمیت تمام اضلاع میں گرمی میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے لوگوں سے دن کے وقت گھروں سے نا نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔شدید گرمی کی وجہ سے اجمیر کے بازاروں میں سناٹا چھیا ہوا ہے۔
دوسری طرف عالمی شہرت یافتہ صوفی بزرگ حضرت خواجہ غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ کے دربار میں زائرین کا بڑا ہجوم نظر آرہا ہے۔ ایسے میں زائرین کو گرمی سے نجات دلانے کے لیے مختلف مقامات پر ٹھنڈی ہوا اور پانی کے مناسب انتظامات کیے گئے تھے۔ اسی سلسلے میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے درگاہ کی انجمن سید زادگان کی جانب سے عقیدت مندوں کے لیے مختلف شربتوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انجمن کے رکن حاجی سید عمران چشتی کے مطابق درگاہ کے احاطے میں بلند دروازہ کے قریب شربت راحت اسٹال لگایا گیا ہے۔ جہاں مئی، جون اور جولائی تک ہر روز ہزاروں زائرین کو مختلف انداز میں شربت پیش کیے جائیں گے جس سے انہیں کچھ حد تک گرمی سے نجات ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:اجمیر میں گرمی کا قہر،حضرت خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ میں واٹرشاور مشین کا استمال
اجمیر میں درجہ حرارت 43 سے 46 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خدامیں خواجہ کی طرف سے زائرین کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ انجمن کے اراکین حاجی سید عمران چشتی، حاجی سید احتشام چشتی، سید التمش سنجری، سید غفار کاظمی اور خادم سید رحمان علی چشتی , سید معراج میا چشتی سمیت دیگر لوگ شربت راحت اسٹال پر موجود تھے ۔