نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کی مداخلت کے بعد آخر کار میرا روڈ میں فساد اور بلڈوزر کی کارروائی سے لوگوں کو سکون ملا اور زندگی دوبارہ پٹری پر واپس لوٹ آئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز این سی پی کے قومی جنرل سکریٹری اور اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے قومی صدر ایڈووکیٹ سید جلال الدین کی قیادت میں ایک وفد نے میرا روڈ پر راج گڑھ بنگلہ، منترالیہ، ممبئی میں فسادات میں یکطرفہ کارروائی کے خلاف نائب وزیراعلیٰ سے ملاقات کی تھی۔ اسی تناظر میں آج سید جلال الدین کی قیادت میں میرا روڈ متاثرین کے ایک وفد نے اجیت پوار سے ملاقات کی اور حقیقی صورتحال سے واقف کرایا۔ لوگوں کا دکھ سننے کے بعد اجیت پوار نے پہلے ریاست مہاراشٹر کے ڈی جی پی اور پھر سی پی میرا بھائیندر روڈ اور ساتھ میں کارپوریشن کے اعلیٰ افسران سے بات چیت کرکے ریاست میں امن و امان کو یقینی بنانے کی بات کہی۔
یہ بھی پڑھیں:
میرا روڈ میں رام مندر جلوس کو لیکر دو فریقین میں تنازعہ، 5 گرفتار
اجیت پوار نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مظلوم کیساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ لوگوں کو انصاف دلانے اور ان کی خدمت کرنے کے لیے ہی وہ سرکار میں کام کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی کارپوریشن کے افسران کو اس بات کی ہدایت دی گئی کہ اگر کوئی غیر قانونی دکان یا مکان گرانا ہے تو اس کے لیے یہ وقت ٹھیک نہیں ہے اور ساتھ ہی کسی کی جائز عمارت، دکان یا مکان کو نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ وفد میں سلیم سارنگ، نائب صدر این سی پی مہاراشٹر، انیس ادریسی، صہیب رومی، قومی جنرل سکریٹری این سی پی اقلیتی شعبہ، فرید شیخ، صدر امن کمیٹی، ڈاکٹر عظیم الدین سوشل ورکر و دیگر شامل تھے۔
اجیت پوار کی یقین دہانیوں کے بعد لوگوں میں کافی اطمینان دیکھا گیا۔ ساتھ ہی سی پی سے بھی سید جلال الدین کی قیادت میں این سی پی اور مقامی لوگوں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کرکے اپنے مطالبات پیش کیے۔ وفد نے کہا کہ جن لوگوں نے اکسایا ہے اور جن لوگوں نے رام کو بدنام کیا ہے ان کے خلاف بھی سخت ایکشن ہو۔ جن لوگوں نے تلواریں لہرائی ہیں اور توڑ پھوڑ کی ہے، فسادات کو ہوا دی ہے اور بیٹی بچاؤ کے نعرے کی دھجیاں اڑائی ہیں، ان کے خلاف بھی ایکشن ہو۔ سی پی نے لوگوں کی باتوں کو سنجیدگی سے سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ ایسے فسادیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا، ساتھ ہی انہوں نے وفد کے مطالبہ پر کہا کہ اگر کوئی بے قصور گرفتار ہوا ہے تو اس کے ساتھ انصاف ہوگا اور کسی بھی مظلوم کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔
سید جلال الدین نے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور ساتھ ہی این سی پی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور پارٹی اس کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور جن لوگوں کے مکان اور دوکانیں جائز تھیں اس کے بعد بھی ان کو نقصان پہنچایا گیا ہے تو ان کو ہم سرکار کے ساتھ تعاون اور صلح ومشورہ کرکے بنوانے کی کوشش کریں گے تاکہ اجیت پوار کی قیادت میں انصاف اور امن کی نئی عبارت لکھی جا سکے اور لوگوں کو لگے کہ رام کے اصولوں پر حقیقی معنوں میں چلنے والا کون ہے۔