لکھنؤ: صدر جمہوریہ اسلامی ایران آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ جو المناک حادثہ پیش آیا، اس غم میں مجلس علمائے ہند سوگوار ہے۔ یہ ایسا عظیم سانحہ ہے جس نے تمام عالم انسانیت کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان کی اچانک موت نے ہمارے قلوب کو برما دیا ہے اور دنیائے اسلام ایک ایسے صدمے سے دو چار ہے جو ناقابل بیان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ایران کے صدر کی وفات پر ملی تنظیموں کا اظہارِ غم - IRAN PRESIDENT HELICOPTER CRASH
مولانا کلب جواد نقوی نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آیت اللہ رئیسی امام رضا علیہ السلام کے غیرت مند خادم تھے اور امام رضا علیہ السّلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر وہ امام کی خدمت میں باریاب ہوگئے۔ ان کے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ ایسا سانحہ ہے جس کو بھلا پانا آسان نہیں ہوگا۔ ان کی شہادت ملت ایران ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کا بڑا نقصان ہے۔
مولانا نے کہا کہ آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے تمام افراد ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ تھے، ان کی شہادت نے پوری ملت کو سوگوار کیا ہے۔ ہم اس سانحہ کو کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے پہلے بھی اس سے زیادہ سنگین حادثات کا سامنا کیا ہے، ان شاء اللہ ایران اس سے بھی جلد ابھرے گا اور مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
بھارت کی ایران سے اظہار یکجہتی، ملک میں ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان - India Solidarity With Iran
مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہم اس امتحانی اور غم انگیز موقع پر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ شریف، ان کے نائب رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ، ملت شہید پرور ایران، ان کے تمام عزیز و اقارب، لواحقین اور دنیائے اسلام کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ پروردگار عالم بحق محمد و آل محمد رہبر معظم، ملت ایران اور شہداء کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے اور اس نقصان کی تلافی جلد از جلد ممکن ہو سکے۔