حیدرآباد: ایک حیران کن پیش رفت میں چنئی سپر کنگز نے جمعرات کو اپنے تجربہ کار کپتان ایم ایس دھونی کی جگہ رتوراج گائیکواڈ کو نئے کپتان کے طور پر مقرر کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 22 مارچ بروز جمعہ کو رائل چیلنجرز بنگلور اور چنئی سپر کنگز کے درمیان ہی کھیلا جانا ہے۔
یہ پیش رفت سی ایس کے فین کے لیے بھی چونکا دینے والی ہے کیونکہ وہ توقع کر رہے تھے کہ ایم ایس دھونی اس سیزن بھی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ تاہم، رتوراج جو گزشتہ سیزن میں شاندار فارم میں تھے اور چنئی کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے تھے، کو کپتانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہے۔ رتوراج نے پچھلے آئی پی ایل میں 42.14 کی اوسط سے 590 رنز بنائے تھے۔
رتوراج کو اپنی گھریلو ٹیم مہاراشٹر کی کپتانی کا سابقہ تجربہ ہے اور وہ ایشین گیمز میں بھی قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ گائیکواڑ نے بھارت کے لیے چھ ون ڈے اور 19 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔ سال 2020 میں انھوں نے سی ایس کے میں ڈیبیو کیا تھا اور اب تک وہ 52 میچز کھیل چکے ہیں۔
گزشتہ سال یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رتوراج نے 16 میچوں میں 147.50 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 590 رنز بنائے تھے۔ واضح رہے کہ دھونی نے اپنے دور میں ٹیم کو پانچ ٹائٹل جتوائے ہیں اور اب وہ نوجوانوں کو اس ٹورنامنٹ میں رہنمائی کرنے کے منتظر ہوں گے۔