ممبئی:راجستھان کو 126 رن کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جدوجہد کرنی پڑی۔ راجستھان کی شروعات اچھی نہیں تھی اور اس نے پہلے ہی اوور میں 10 رن پر یشسوی جیسوال کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد پانچویں اوور میں کپتان سنجو سیمسن بھی 12 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جوس بٹلر 13 اور روی اشون 16 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ریان پراگ نے 39 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ شبھم دوبے آٹھ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ راجستھان رائلز نے 15.3 اوور میں چار وکٹ پر 127 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے آکاش مدھوال نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ وینا مفاکا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ممبئی کے تلک ورما اور ہاردک پانڈیا نے مشکل وقت میں تحمل سے بیٹنگ کی اور ٹیم کو 125 رن کے باعزت اسکور تک پہنچایا تھا۔آج یہاں وانکھیڑے اسٹیڈیم میں راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
بلے بازی کے لیے آنے والی ممبئی کی شروعات بہت خراب رہی اور 20 رن کے اسکور پر اپنے چار بلے باز گنوا دئیے۔ ٹرینٹ بولٹ کی مہلک بولنگ کے سامنے روہت شرما، نمن دھیر اور ڈیولڈ بریوس کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ناندرے برگر نے چوتھے اوور میں ایشان کشن کو آؤٹ کر کے ممبئی کو چوتھا جھٹکا دیا۔ ایشان کشن نے 14 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رن بنائے۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ ممبئی کی ٹیم جلد ہی ٹوٹ جائے گی۔
ایسے وقت تلک ورما اور کپتان ہاردک پانڈیا نے اننگز کو سنبھالا۔ تلک ورما نے دو چھکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 32 رن کی اننگز کھیلی۔ وہیں ہاردک نے 21 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 34 رن بنائے۔ دونوں بلے بازوں کو یوجویندر چہل نے آؤٹ کیا۔ ممبئی انڈین نے مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹ پر 125 رن کا قابل احترام اسکور بنایا۔
یہ بھی پڑھیں:کے کے آر اور راجستھان کے درمیان 17 اپریل کو ہونے والے میچ کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان - KKR vs RR To Be Rescheduled
پیوش چاولہ تین رن بناکر آؤٹ ہوئے، جیرالڈ کوٹزی چار رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ٹم ڈیوڈ 17 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جسپریت بمراہ آٹھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور آکاش مدھوال چار رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔راجستھان رائلز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور یوجویندر چہل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ناندرے برگر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اویش خان نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ممبئی کی تین میچوں میں یہ تیسری شکست ہے اور وہ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔