لکھنؤ: راجستھان رائلز نے ایک بار پھر اٹل بہاری واجپئی ایکانا اسٹیڈیم میں اپنی برتری ثابت کی۔ موجودہ سیزن میں اب تک کھیلے گئے نو میچوں میں یہ اس کی آٹھویں جیت تھی جب کہ اس نے دوسری بار لکھنؤ کو شکست دی ہے اور اس شکست کے ساتھ ہی لکھنؤ کی پلے آف کی امیدوں کو ہلکا سا دھچکا لگا ہے۔
کپتان کے ایل راہل (76) اور دیپک ہڈا (50) کے درمیان 115 رن کی سنچری شراکت کی مدد سے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے پانچ وکٹوں پر 196 رن بنائے تھے۔ اس سنچری پارٹنرشپ پر سیمسن اور جریل کی سنچری پارٹنرشپ نے پانی پھیرتے ہوئے جیت کا ہدف ایک اوور باقی رہتے ہی حاصل کر لیا گیا۔
اچھی شروعات کے بعد، راجستھان نے لگاتار دو وکٹ کھونے کے بعد کچھ وقت کے لیے مشکل میں نظر آنے لگا تھا جوس بٹلر (34) اور یشسوی جیسوال (24) کے وکٹ چھٹے اور ساتویں اوور کے درمیان لگاتار دو گیندوں پر لکھنؤ نے حاصل کرلئے تھے وہیں تجربہ کار امت مشرا نے اس فارم بلے باز ریان پراگ (14) کا وکٹ لے کر لکھنٔو کو مقابلے میں برابری پر کھڑا کردیا تھا۔
اس کے بعد سیمسن نے جریل کے ساتھ بغیر کسی خوف کے لکھنؤ کے گیند بازوں کا سامنا کیا۔ اسی دوران جریل کو لکھنؤ کے فیلڈ روں نے دو زندگیاں دیں جو اس کے لیے بہت مہنگی ثابت ہوئیں۔ اس دوران میچ لکھنؤ کے ہاتھوں سے پھسلنے لگا جوبالآخر کار شکست میں بدل گیا۔ شکست کے باوجود لکھنؤ کی پلے آف کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں۔ اسے اگلے دو میچ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں۔
اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کا انتخاب کرتے ہوئے، لکھنؤ کی شروعات اس وقت مایوس کن رہی جب اس کے اوپنرز کوئنٹن ڈی کاک (8) اور مارکس اسٹونیس (0) نے کھیل کے پہلے دو اووروں میں ہی سستے میں اپنے وکٹ گنوا دیئے۔ اس نازک موڑ پر کے ایل راہل کو دیپک ہڈا کا سہارا ملا اور ان دونوں نے اگلے دس اووروں میں 11 رن فی اوور کی شرح سے رن بنا کر ٹیم کو باعزت مقام پر پہنچا دیا۔
اس سے قبل خطرناک شکل اختیار کررہی اس شراکت داری کو تجربہ کار روی چندرن اشون نے توڑا جب انہوں نے لانگ آن پر کھڑے پاویل کے ہاتھوں ہڈا کی اننگز کا خاتمہ کرایا۔ ایل ایس جی کے لیے اب تک مشکل کشا کا رول ادا کر رہے نکولس پوران (11) کا آج بلے بلا نہیں چلا۔ وہ سندیپ شرما کا دوسرا شکار بنے۔
یہ بھی پڑھیں: راجستھان سے شکست کا بدلہ لینے اترے گا لکھنو - IPL 2024
کے ایل راہل کی شاندار اننگز کا خاتمہ اویس خان نے اس وقت کیا جب آف اسٹمپ کے باہر پھینکی گئی ان کی شارٹ پچ گیند کو مارنے کی کوشش میں راہل ڈیپ بیک ورڈ پوائنٹ پر کھڑے ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ آیوش بدونی (18) اور کرونل پانڈیا (15) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ (یو این آئی)