نئی دہلی: پیرس اولمپکس 2024 میں اپنی شاندار کارکردگی کے بعد منو بھاکر ملک میں کھیلوں کی ایک نئی ایمبیسڈر بن گئی ہیں۔ وہ اولمپکس کے ایک ہی ایڈیشن میں دو تمغے جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ میڈل جیتنے کے بعد منو بھاکر اس وقت کافی زیادہ موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔ اب پیرس اولمپکس میں استعمال ہونے والی ان کے پستول کی قیمت کے بارے میں کافی زیادہ بحث ہو رہے ہے۔
کئی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ منو کی پستول کی قیمت کروڑوں میں ہے۔ تاہم، بھارتی شوٹر نے پستول کی قیمت کا انکشاف کیا اور کہا کہ یہ تقریباً 1.5 لاکھ روپے سے 1.85 لاکھ روپے کی پستول ہے۔
اسپورٹس نیکسٹ سے بات کرتے ہوئے منو بھاکر نے کہا، میری پستول کروڑ کی نہیں بلکہ یہ تقریباً 1.5 لاکھ سے 1.85 لاکھ روپے کی ہے۔ پستول کی قیمت بہت سے دوسرے عوامل پر بھی منحصر ہوتی ہے جیسے کہ آپ کون سا ماڈل خرید رہے ہیں، آیا یہ نیا ہے یا سیکنڈ ہینڈ پستول یا آپ اپنی پستول اپنی مرضی کے مطابق حاصل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی اسٹار شوٹر منو بھاکر نے پیرس اولمپکس 2024 میں خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا، اس کے علاوہ منو نے سربجوت سنگھ کے ساتھ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھی پوڈیم پر تیسرا مقام بھی حاصل کیا تھا۔ اس اسٹار شوٹر نے دو اولمپک تمغے جیت کر بھارت کا سر فخر سے بلند کیا تھا۔
بات چیت کے دوران منو نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ اپنے غصے کو اپنی کارکردگی میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں۔ انھوں نے کہا مجھے بھی بہت زیادہ غصہ آتا ہے۔ لیکن میں نے اپنے غصے کو مثبت چیز میں بدلنا سیکھ لیا ہے۔ یہ ایک کھلاڑی کے لیے واقعی بہت اہم ہے۔