ملاپور: راجستھان رائلز کی سخت فیلڈنگ اور سخت گیند بازی کی وجہ سے پنجاب کنگز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں مقررہ 20 اووروں میں آٹھ وکٹوں پر صرف 147 رنز بنا سکی۔
پچ میں موجود ہوا اور نمی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے راجستھان کے گیند بازوں نے میزبان بلے بازوں کو آزادانہ طور پر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں لے کر اسکور بورڈ پر بڑا اسکور لگانے کے پنجاب کے منصوبوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا۔ اویش خان نے اننگز کے چوتھے اوور میں آرتھو ٹائیڈے (15) کا وکٹ لیا جبکہ پربھ سمرن سنگھ (10) ساتویں اوور میں یوزویندر چہل کا شکار بنے۔ اگلے ہی اوور میں کیشو مہاراج نے جونی بیرسٹو (15) کو آؤٹ کیا۔ کپتان سیم کرن (6) بھی مہاراج کا شکار بنے اور پنجاب کی آدھی ٹیم 52 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
جیتیش شرما (29)، لیام لیونگسٹن (21) اور آشوتوش شرما (31) نے پنجاب کے اسکور کو چیلنج کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو 150 سے آگے نہیں لے جا سکے۔
راجستھان کی جانب سے اویش خان اور کیشو مہاراج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ سین، یوزویندر چہل اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یواین آئی۔