حیدرآباد: مصنوعی ذہانت ( اے آئی) کے دور میں کوئی بھی شخص محفوظ نہیں ہے، ہر روز کوئی نا کوئی شخص اس کا شکار ہو رہا ہے۔ اب اس کے شکار بھارت کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی ہوئے ہیں۔ دراصل ویراٹ کوہلی کا ڈیپ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی تیزی کے ساتھ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اپنے ہی ملک کے ابھرتے ہوئے سلامی بلے باز شبمن گل کی تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ڈیپ فیک ویڈیو میں کوہلی کہہ رہے ہیں کہ کوئی بھی ان کا مقابلہ نہیں کرستکتا ہے اور شبمن گل نے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔ جب ہم آسٹریلیا سے واپس آئے تو مجھے معلوم ہوا کہ اعلیٰ سطح پر کامیابی کے لیے کیا کرنا پڑتا ہے۔
اس وقت میں گل کو قریب سے دیکھ رہا ہوں اور وہ باصلاحیت ہیں جس میں کوئی شک نہیں۔ لیکن خود پر اعتماد دکھانا اور لیجنڈ بننے میں بڑا فرق ہے۔ گِل کی تکنیک ٹھوس ہے لیکن وہ اپنے آپ سے آگے نہ بڑھیں۔
اس ڈیپ فیک ویڈیو میں ویراٹ مزید کہہ رہے ہیں کہ لوگ اگلے ویراٹ کوہلی کے بارے میں بات کرتے ہیں، لیکن میں واضح کر دوں کہ ویراٹ کوہلی صرف ایک ہے۔ کیونکہ میں نے مشکل ترین گیند بازوں کا سامنا کیا ہے۔ مشکل ترین حالات میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے مسلسل ایسا کیا ہے۔
آپ اسے صرف چند اچھی اننگز سے نہیں بدل سکتے۔ اس فیک ویڈیو میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی کرکٹ میں پہلے بھگوان (سچن تنڈولکر) ہیں اور اب میں ہوں۔ اس سطح تک پہنچنے سے پہلے گل کو بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔
کوہلی کی فیک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہی سوشل میڈیا پر کوہلی کے مداحوں کا طوفان کھڑا ہوگیا ہے۔ جس میں وہ ویڈیو ترمیم شدہ قرار دے رہے ہیں۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ ' اگر میں آدھی نیند میں ہوں گا تب بھی میں یہ کہوں گا کہ ویراٹ ایسی بات نہیں کرتے اور یہ ان کی آواز بھی نہیں ہے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ یہ پوسٹ اے آئی جنریٹیڈ ہے۔ ایک لمحے کے لیے میں نے سوچا کہ یہ حقیقی ہے۔ لیکن واقعی میں AI خطرناک ٹول ہے۔
واضح رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی کئی سیاسی رہنما اور فلمی ستاروں کا ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہوچکا ہے۔ جس میں ساوتھ کی اداکارہ رشمکا مندانا اور دیگر اداکارہ بھی شامل ہیں۔ اس قسم کو روکنے کے لیے حکومت نے قانون بھی پاس کیے ہیں لیکن اس کے باوجود اس طرح کی ویڈیو پر ابھی تک مکمل طور سے کنٹرول حاصل نہیں کیا جا سکا ہے۔