پیرس: 14 بار کے فرنچ اوپن چیمپیئن رافیل نڈال پیر کو عالمی نمبر چار کھلاڑی الیگزینڈر زویریف کے ہاتھوں پہلے ہی راؤنڈ میں 3-6، 6-7 اور 3-6 سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ انہیں 2005 کے ٹائٹل کے بعد سے رولینڈ گیروس میں 116 میچوں میں سے صرف چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے بعد نڈال نے کہا، ’’مجھے نہیں معلوم کہ یہ آخری بار ہے یا نہیں، مجھے 100 فیصد یقین نہیں ہے لیکن اگر ایسا ہے تو میں اس سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں،‘‘ نڈال نے یہ بھی کہا"آج کے احساسات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔"
فرنچ اوپن میں پہلی بار نڈال چوتھے راؤنڈ سے پہلے ہی باہر ہو گئے ہیں۔ تقریباً 15000 شائقین نڈال کو شاید آخری بار کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لیے جمع تھے جنہوں نے تالیوں سے ان کا استقبال کیا۔
22 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن نڈال 3 جون کو 38 سال کے ہو جائیں گے۔ وہ جنوری 2023 سے کولہے اور پیٹ کی چوٹوں میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے اس سال انہوں نے 15 میچ کھیلے جس میں انھیں سات میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انجری کی وجہ سے ان کی رینکنگ 275ویں نمبر پر آگئی اور وہ پہلی بار فرنچ اوپن میں غیر سیڈڈ کھلاڑی تھے۔
اس وجہ سے، پہلے راؤنڈ میں ہی، اس کا مقابلہ چوتھے سیڈ کے کھلاڑی زویریوف سے ہوا، جو 2020 کے یو ایس اوپن کے رنر اپ تھے، انہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا اور گزشتہ تین سال میں ہر بار یہاں سیمی فائنل تک پہنچنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ نڈال اس سے قبل 2010 میں رابن سوڈرلنگ اور 2015 اور 2021 میں نوواک جوکووچ سے فرنچ اوپن میں ہار چکے تھے۔