ڈلاس:ٹی20ورلڈ کپ 2024 کے گروپ ڈی کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 124 رن بنائے، بنگلہ دیش نے 19 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
سری لنکا نے اس میچ میں بہت اچھی شروعات کی اور پاور پلے میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 53 رن بنائے۔ اس کے بعد بالنگ کرنے آئے مستفیض الرحمان نے پہلی ہی گیند پر مینڈس کو پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد سری لنکا کا رن ریٹ رک گیا۔ سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا نے سب سے زیادہ 47 رن بنائے اور وہ نصف سنچری بنانے سے محروم رہے۔
اس کے علاوہ کوسل مینڈس نے 10، کامندو مینڈس نے 4، دھننجے ڈی سلوا نے 21 اور چارتھ اسالنکا نے 19 رنز بنائے۔ اگر بنگلہ دیش کی بالنگ کی بات کی جائے تو مستفیض الرحمان اور رشاد حسین نے 3،3 جب کہ تسکین احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کے 125 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی بنگلہ دیشی ٹیم کا آغاز خراب رہا۔ سری لنکا نے اوور کی تیسری گیند پر سومیا سرکار کو پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ دوسرے اوور میں 6 رنز کے اسکور پر گری جب تمجد حسن 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش پاور پلے میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز بنا سکا۔
اس کے بعد لٹن داس اور توحید ہردیا نے شراکت قائم کی اور بنگلہ دیش کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔ لٹن داس نے 36 اور توحید نے 40 رنوں کی اننگز کھیلی۔ محمود اللہ نے 19ویں اوور میں فاتحانہ رن بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، انہوں نے 13 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔