ممبئی: صنعت کار آنند مہیندرا سوشل میڈیا پر کافی ایکٹیو رہتے ہیں۔ وہ جب بھی کوئی پوسٹ شیئر کرتے ہیں وہ خبر بن جاتی ہے۔ آنند مہندرا ملک کے ابھرتے ہوئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آتے ہیں۔ مہندرا اینڈ مہندرا کے چیئرپرسن آنند مہندرا نے کرکٹر سرفراز خان کے والد نوشاد خان کو مثالی والد قرار دیتے ہوئے تھار ایس یو وی کی پیشکش کی ہے۔ نوشاد نے گزشتہ 15 سالوں میں سرفراز کے کرکٹ کیرئیر میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ اور آج جب 26 سالہ نوجوان کرکٹر نے ٹیم انڈیا ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے تو 52 سالہ والد کے لیے یہ فخر کی بات ہے۔
مہندرا اینڈ مہندرا کےچیئرپرسن آنند مہندرا نے سوشل نیٹ ورکنگ ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ "محنت، ہمت، صبر، ایک باپ کے لیے اس سے بہتر اور کیا خوبیاں ہیں کہ وہ بچے کی حوصلہ افزائی کرے؟ ایک مثالی والد ہونے کے ناطے، اگر نوشاد خان تھار کا تحفہ قبول کریں تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔"
انیل کمبلے سے ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے کا خواب صرف سرفراز کا ہی نہیں بلکہ ایک والد کا بھی تھا جو اپنے بیٹے کو کرکٹ کی بلندیوں پر دیکھنا چاہتا ہے۔ یہ سرفراز کی اہلیہ، اس کے بھائی، خاندان اور سب سے اہم اس کے والد کے لیے ایک بہت بڑی جیت تھی، جو اپنے بیٹے کو ہندوستانی کرکٹر بنتے دیکھ کر بے ساختہ رو پڑے۔ برسوں کی محنت، مشقت، رنجی ٹرافی میں کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ سیزن کے بعد دوسرا سیزن اور تکلیف دہ طویل انتظار بالآخر رنگ لے آیا۔ باپ بیٹے کی جوڑی نے برسوں سے اس لمحے کا خواب دیکھا تھا، سرفراز نے ڈیبیو پر ہی نصف سنچری بنا کر اسے مزید یادگار بنا دیا۔
نوشاد، ویسٹرن ریلویز میں ملازم ہیں۔ چلتی ٹرینوں میں ٹافیاں اور کھیرے بیچنے سے لے کر ٹریک پینٹ بیچ کر اپنا گھر چلاتے ہیں۔ نوشاد کے لیے یہ آسان نہیں تھا لیکن اس بات کو یقینی بنایا کہ ان کے بیٹے نے اپنا نام روشن کیا۔ چھوٹی عمر سے ہی سرفراز کو ان کے والد نے سپورٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: