بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقہ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے 20 سالہ نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ جمعہ کو بارہمولہ کے پٹن کے ہنجیویرا علاقہ میں کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک 20 سالہ نوجوان کو دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 20 سالہ صہیب یاسین جو ہنجیویرا پٹن کے علاقہ میں کرکٹ کھیلنے کے دوران باؤلنگ کرنے کے لیے بھاگتے ہوئے اچانک گر گیا اور جلد ہی اسے قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
اس ضمن میں جموں وکشمیر پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید کارروائی شروع کی ہے۔ تاہم جب یہ خبر علاقہ میں پھیل گئی کہ ایک نوجوان کھیلتے کھیلتے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا تو پورے گاؤں میں ماتم کی لہر دوڑ پڑی اور ہر ایک شخص اس نوجوان کے گھر کی طرف دوڑ پڑا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سالوں سے ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی دل کا دورہ پڑنے سے کافی نوجوان ہلاک ہوئے ہیں اور اگر کشمیر کی بات کریں تو لگاتار نوجوانوں میں دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہو رہی ہے اور یہ کافی تشویشناک بات ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں بھی 23 نومبر 2022 بدھ کے دن ناربل بڈگام میں کرکٹ میچ کے دوران نوجوان کے سینہ پر بال جا لگی تھی جس کہ وجہ سے وہ بے ہوش ہوگیا تھا۔ آس پاس ہی موجود دوسرے کھلاڑیوں نے اس نوجوان کو اسپتال پہنچایا تھا لیکن ڈاکٹرس نے اُسے مردہ قرار دے دیا تھا۔ اس متوفی نوجوان کی شناخت 23 سالہ فردوس احمد ڈار ساکن سعید پورہ نارہ بل کے طور پر ہوئی تھی۔