رام بن (جموں کشمیر) : صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع رام بن میں گول - رام بن سڑک پر سنگلدان کے قریب چھپرن نالہ کے مقام پر ایک تیز رفتار ڈیمپر کی زد میں آ کر ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب 34سالہ راجہ بیگم زوجہ مشتاق احمد ساکنہ چھپرن ہڑوک، سڑک پار کر رہی تھی کہ ایک بے قابو ڈیمپر نے اسے کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی موت کی آغوش میں چلی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ڈرائیور منظور احمد ولد جماعت علی ساکنہ گاندھری نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈمپر زیر رجسٹریشن نمبر JK19-6945 کو چند کلومیٹر کے فاصلے پر ضبط کر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے لی اور طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دی۔
ادھر، حادثے کے خلاف مقامی لوگوں نے محکمہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بیکن) کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے گول-رام بن سڑک پر دھرنا دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سڑک کنارے پانی کی نکاسی کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف زمینوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ سڑک حادثات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رام بن سڑک حادثے میں چار افراد ہلاک