اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں وکست بھارت سنکلپ یاترا کے تحت ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام میں مختلف محکمہ جات کے افسران و ملازمین کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود رہی ،جبکہ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخر الدین حامد اور محکمہ سیاحت کی کمشنر سکریٹری یشا مدگل مہمان خصوصی کے طور پر موجود رہیں۔
پروگرام کے دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے وکست بھارت سنکلپ یاترا پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی پہل سے عوام کو مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں کے بارے میں جانکاری حاصل ہوتی ہے۔پروگرام کے دوران حاضرین کو مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری فراہم کی گئی اور انہیں ان اسکیموں سے استفادہ حاصل کرنے کی تلقین کی گئی۔
پروگرام کا افتتاح کمشنر سکریٹری ٹورازم یشا مدگل نے کیا،جبکہ پروگرام کے ابتدائی مرحلہ میں ایک موبائل وین پر نصب ایل ای ڈی ٹیلی ویژن پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر غور سے سنی گئی۔اس موقعہ پر اسکولی بچوں نے مختلف رنگا رنگ اور ثقافتی پروگرام پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا،جبکہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے اسٹالس بھی قائم کئے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: سیر ہمدان میں وکست بھارت یاترا کے حوالے سے پروگرام منعقد
میڈیا سے بات کرتے ہوئے محکمہ سیاحت کی کمشنر سکریٹری یشا مدگل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب ہے کہ سرکاری فلاحی اسکیمیں ملک کے کونے کونے میں پہنچے، تاکہ عوام ان سے استفادہ حاصل کر سکیں، جس سے شہرو دیہات یکساں ترقی ممکن ہو سکے۔مدگل نے کہا کہ وکست بھارت سنکلپ یاترا عوام کو سرکاری اسکیموں کے تئیں بیداری فراہم کرنے میں ایک کارگر قدم ہے۔