سرینگر (جموں کشمیر) : کشمیر کی دو پارلیمانی نشستوں پر 20 اور 25 مئی کو انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ وہیں انتخابی مہم کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ بہار کے دربھانگہ سے الیکشن ریلی سے خطاب کرنے کے بعد سرینگر وارد ہوئے اور یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں سمیت گجر، بکروال اور پہاڑی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ امیت شاہ آج صبح واپس دہلی روانہ ہوئے۔
امیت شاہ کے اس اچانک دورے نے کشمیر کے سیاسی حلقوں کو انتا شش و پنج میں ڈال دیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں نیشنل کانفرنس (این) اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے سوال اٹھائے کہ کہیں امیت شاہ کا یہ اچانک دورہ کشمیر میں پارلیمانی انتخابات کے نتائج پر اثرا انداز نہ ہوں۔ امیت شاہ نے جمعرات کی شام چھ بجے سرینگر کے ایک عالی شان للت ہوٹل میں قدم رکھا جہاں کشمیر کے بی جے پی لیڈران و کارکنان نے ان کے ساتھ ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ امیت شاہ نے انکو ہدایت دی کہ وہ اسمبلی انتخابات کی تیاریاں کریں کیونکہ بی جے پی جموں کشمیر کی سبھی نوے سیٹوں پر امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔
وزیر داخلہ نے کشمیر کے پہاڑی، گجر اور بکروال طبقوں کے لیڈران و کارکنان کے کئی وفود سے بھی ملاقاتیں کی۔ پہاڑی طبقہ کے لیڈران کے مطابق انہوں نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا کہ بی جے پی حکومت نے انکو جموں کشمیر میں قبائلی درجہ دیا۔ گجر بکروال وفود کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ پہاڑی آبادی کو قبائلی درجہ دیئے جانے سے انکی قبائلی ریزرویشن اور رعائت اثر انداز نہیں ہونی چاہئے۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ امیت شاہ نے پارٹی کے لیڈران سمیت پہاڑی و گجر بکروال وفود کو ہدایت دی کہ وہ رواں پارلیمانی انتخابات میں کشمیر میں ان امیدواروں کو حمایت کرے جو نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کے خاندانی سیاست کے خلاف ہو۔ امیت شاہ کا یہ اچانک دورہ کشمیر اس وقت بھی ہوا جب کالعدم جماعت اسلامی کے سینئر رہنماؤں نے سرینگر پارلیمانی نشست پر ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں بشرطیکہ مرکزی سرکار ان پر عائد پابندی کو ختم کرے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے کسی بھی جماعت کے وفد سے ملاقات نہیں کی۔
امیت شاہ کے دورے پر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے شبہات ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا ’’الیکشن کے وسط میں یہ دورہ حیران کن ہے کیونکہ کہ بی جے کی کشمیر میں انتخابات نہیں لڑ رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کا یہ دورہ انکی جماعت کو نقصان پہنچانے کے لئے ہے کیونکہ سرینگر نشست سے انکے امیدوار آغا روح اللہ کامیاب ہو رہے ہیں۔ لیکن انکو امید ہے کہ وہ بارہمولہ اور اننت ناگ-راجوری کی نشستوں پر بھی کامیابی حاصل کریں گے۔
عمر عبداللہ کا یہ بیان اس لیے سامنے آیا کہ انکو خدشہ ہے کہ کہیں وزیر داخلہ نے پہاڑی، گجر بکروال وفود کو یہ ہدایت دی ہوگی کہ بارہمولہ حلقے سے وہ سجاد لون کی ووٹوں سے حمایت کریں۔ این سی، سجاد لون کو بی جے پی کی ’’بی ٹیم‘‘ قرار دے رہی ہے۔ تاہم سجاد لون اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس پر جوابی الزام عائد کرتے ہیں کہ ’’یہی جماعت اصل میں بی جے پی کی ٹیم ہے اور عمر عبداللہ اور فاروق عبداللہ رات کی تاریکی میں بی جے پی لیڈران سے ملتے ہیں۔‘‘ ادھر پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نعیم اختر نے بھی اس دورے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’الیکشن مہم کے بیچ وزیر داخلہ کا دورہ کشمیر ایک ایسے وقت میں جبکہ بی جے پی انتخابات نہیں لڑ رہی ہے۔ امید ہے کہ سب ٹھیک ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سرینگر میں، سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے - Amit Shah Reaches Srinagar