کولگام: جنوبی ضلع کولگام کے چیک پورہ گاؤں میں جمعے کے روز کام کے دوران چار افراد ٹرنچ میں جاگرے، جنہیں فوری طور پر باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے دو مزدوروں کو مردہ قرار دیا۔
اطلاعات کے مطابق کولگام کے چیک پورہ گاؤں میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا، جب کھدائی کے دوران چار افراد ٹرنچ میں جاگرے۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا اور انتھک کوشش کے بعد ٹرنچ میں گرے چار افراد کو باہر نکال کر ہسپتال لے جایا گیا، تاہم وہاں پر دو مزدور جانبر نہ ہو سکے۔
متوفین کی شناخت مقبول ڈار ساکن کولگام اور عزیز رحمن ساکن بنگال کے بطور ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: کپواڑہ میں ٹرنچ کی صفائی کے دوران 4 افراد ہلاک
ہسپتال میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ چار مزدوروں کو ہسپتال لایا گیا، جن میں سے دو کی پہلے ہی موت واقع ہوئی تھی۔ان کے مطابق ایک مزدور کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی جبکہ دوسرے کا علاج ومعالجہ جاری ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
(یو این آئی)