سرینگر: جموں و کشمیر میں مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند کردیا گیا۔ جموں سے سرینگر اور سرینگر سے جموں کی طرف جانے والی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ وہیں ٹریفک حکام نے بتایا کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ناشری اور بانہال کے درمیان دلواس، میہڑ، گنگرو، ماں پاسی، لوئر نچلانہ، کشتواڑی پتھر میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے قومی شاہراہ کو آمد رفت کے لئے بند کیا گیا ہے۔ سڑک کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا۔
گلمرگ اور پونچھ سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی۔ سری نگر سمیت کشمیر کے بیشتر میدانی علاقوں میں دوپہر سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جب کہ جموں خطہ کے کئی اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔ ضلع راجوری اور پونچھ کو شوپیاں (کشمیر) سے ملانے والی مغل روڈ پر بھی برف باری ہوئی ہے۔ ہیلی کاپٹر سروس خراب موسم کی وجہ سے متاثر رہی۔
مزید پڑھیں: وولر جھیل میں بوٹ ریس کا انعقاد
محکمہ موسمیات سری نگر کے مطابق 20 مارچ تک موسم صاف رہے گا۔ ادھم پور میں کچھ دیر تک موسلادھار بارش کی وجہ سے رہائشی علاقے زیر آب ہوگئے تھے۔ بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں۔ کشتواڑ میں بارشیں ہوئیں۔ جموں میں دن بھر بادل چھائے رہے اور یہاں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور منگل کی رات کو درجہ حرارت 14.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں دن کا درجہ حرارت معمول سے تھوڑا نیچے گر کر 12.6 اور کم سے کم درجہ حرارت 5.4 ڈگری سیلسیس رہا۔ منگل کی رات پہلگام میں درجہ حرارت منفی 0.5، گلمرگ میں منفی 1.2 اور لیہہ میں منفی 6.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔