پلوامہ (جموں کشمیر) : بھارت میں کرکٹ کے بھگوان تصور کیے جانے والے ’’ماسٹر بلاسٹر‘‘ سچن تندولکر نے گزشتہ دنوں جنوبی کشمیر کے چرسو، اونتی پورہ میں واقع کرکٹ بلہ تیار کرنے والے ’ایم جے سپورٹس‘ نامی ایک کارخانہ کا دورہ کیا اور وہاں کچھ وقت گزارا۔ سچن تندولکر کا کرکٹ کارخانے اور دکان پر گزارے گئے وقت کے سبب سرینگر جموں شاہراہ پر واقع اس دکان پر سیاحوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے اور یہاں آنا باعث فخر سمجھتے ہیں۔
چنئی سے تعلق رکھنے والے نوین نامی ایک سیاح نے بھی اس دکان کا دورہ کیا اور ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نوین نے بتایا کہ وہ خود سچن تندولکر کا ایک بڑا فین ہے اور جب انہوں نے سنا کہ سچن اس دکان پر آئے ہیں تو انہوں نے یہاں آنا غنیمت سمجھا۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نوین نے کہا: ’’اس مقام پر آنا میرے لیے فخر کا ایک مقام ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: سچن تندولکر کے دورے سے بیٹ انڈسٹری کو فروغ ملے گا: جاوید احمد
نوین کا ماننا ہے کہ سچن کے دورے سے کشمیری بیٹ انڈسٹری کو کافی فائدہ ملے گا۔ نوین نے مزید بتایا کہ یہاں آ رہے سیاحوں کو کشمیری بیٹ ضرور خریدنا چاہیے۔ وہیں ممبئی سے تعلق رکھنے والے جسوین نامی ایک اور سیاح نے بتایا کہ اسے ڈرائیور نے بتایا کہ کل یہاں لٹل ماسٹر آئے تھے جس کے بعد وہ بھی یہاں رکے اور تین بلے خریدے۔ جسوین نے بتایا کہ وہ بیٹ ممبئی لے جا رہے ہیں۔ جسوین کا بھی ماننا ہے کہ سچن کے دورے سے کشمیر کی بیٹ انڈسٹری کو ضرور فروغ ملے گا۔ واضح رہے کہ سچن تندولکر اپنی اہلیہ اور دختر کے ساتھ وادی کشمیر کے دورے پر ہیں اور آج دہلی واپس روانہ ہو رہے ہیں۔ دہلی روانہ ہونے سے قبل انہوں نے لیتہ پورہ کے ایک معروف زعفران فروخت کرنے والی دکان کا بھی دورہ کیا اور وہاں کشمیری زعفرانی قہوہ نوش کیا۔