سرینگر (جموں کشمیر): جموں کشمیر میں15اگست یوم آزادی کی تقریبات کو محفوظ بنانے اور پر امن طور منعقد کرنے کے لیے حکام نے پورے خطے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ خلل کو روکا جا سکے۔ سرینگر میں اس حوالہ سے مرکزی تقریب بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سلامی لیں گے، اس تقریب میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے اور جموں میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر، آر آر بھٹناگر، ایم اے اسٹیڈیم میں تقریبات کی نگرانی کریں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کشمیر، ودھی کمار بردھی نے کہا کہ حالیہ عسکریت پسندانہ سرگرمیوں کے پیش نظر ایک ’’مضبوط سیکیورٹی پلان‘‘ تیار کیا گیا ہے، جس میں کوکرناگ میں جاری آپریشن بھی شامل ہے۔ بردھی نے کہا: ’’ہم سیکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ اور یہ کہ یوم آزادی کی تقریبات کو ہموار طریقے سے چلانے کے لیے ایک کثیر سطحی سیکیورٹی گرڈ قائم کیا گیا ہے۔‘‘
ڈویژنل کمشنر کشمیر، ودھی کمار بدھورہ نے فول ڈریس ریہرسل کے دوران عوام کے جوش و خروش کی تعریف کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 15اگست کو وقت پر بخشی اسٹیڈیم پہنچیں اور اس تقریب میں حصہ لیں۔ بدھوری نے کہا: ’’تقریب میں آنے سے کسی کو نہیں روکا جائے، سب کے لیے بخشی اسٹیڈیم کے دروازے کھلے ہیں اور ہمیں بڑی تعداد میں شرکت کی توقع ہے۔‘‘
ادھر، سرینگر - جموں اور سرینگر - بارہمولہ جیسی ہائی ویز پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور تلاشی کے عمل میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مسلح اہلکاروں اور خفیہ افسران کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ سینیئر پولیس افسران نے تصدیق کی کہ تمام سیکیورٹی پروٹوکول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور مرکزی مقام کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا گیا ہے۔
پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے شارپ شوٹرز کو سرینگر اور جموں میں تقریب کے مقامات کے ارد گرد بلند عمارتوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ زمینی اور فضائی نگرانی کی ٹیمیں مل کر ایک مضبوط سیکیورٹی اپروچ کو برقرار رکھ رہی ہیں۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ صورتحال کی کڑی نگرانی کے لیے انسانی انٹیلی جنس کے علاوہ جدید تکنیکی طریقے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ سرینگر اور جموں میں متعدد چیک پوائنٹس پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
سرینگر شہر کو سیکٹرز اور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، اور وہاں کافی تعداد میں فورسز تعینات ہیں۔ اینٹی سبوتاژ ٹیمیں فعال طور پر ان مقامات اور آس پاس کے علاقوں کا معائنہ کر رہی ہیں۔ حکام نے کہا کہ مسلسل گشت اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ جموں و کشمیر کے دیگر ضلع ہیڈکوارٹرز میں بھی اسی طرح کے سیکیورٹی پروٹوکول نافذ کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی کشمیر کے طول و عرض میں ترنگا ریلیز برآمد - Tiranga rallies held across Kashmir