سرینگر (جموں کشمیر) : منگل کے روز وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں معروف سیاحتی مقام سونہ مرگ میں ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ اس المناک ٹریفک حادثے میں دو خواتین سمیت تین سیاح ہلاک اور ایک کم عمر بچی شدید زخمی ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سونہ مرگ سے زیرو پوائنٹ جانے والی ایک ٹاٹا سومو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK13B 9912) بجری نالہ اور کیپٹن موڑ کے درمیان پانی مٹھ کے قریب سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑی میں چار مسافر سوار تھے، جبکہ ڈرائیور اس حادثہ میں بال بال بچ گیا۔ حادثہ میں دو خواتین سمیت تین مسافر کی موقع پر موت واقع ہو گئی جبکہ اس حادچہ میں زخمی ہوئی ایک نابالغ بچی کو تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہے۔ ہلاک ہونے والے سیاحوں کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو پائی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں سڑک حادثات کے دوران ہر سال سینکڑوں افراد کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ زیادہ تر حادثات سرینگر جموں شاہراہ پر رونما ہوتے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ بیشتر ٹریفک حادثات اوور ٹیکنگ، تیز رفتاری کے سبب رونما ہوتے ہیں جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اکثر حادثات کا موجب بنتی ہے وہیں عوامی حلقوں کا ماننا ہے کہ خستہ حال سڑکیں بھی جان لیوا حادثات کا موجب بنتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشتواڑ میں سڑک حادثہ، چار افراد ہلاک، دو زخمی -