سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر کے شالہ کدل علاقے میں دو پنجابی مزدوروں کی ہلاکت میں ملوث 'ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے جمعرات کے روز سید پورہ عیدگاہ سرینگر میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے تحقیقاتی ٹیم کو بتایا کہ اُس نے حملے کے بعد موبائل فون اور دیگر قابل اعتراض مواد نالے میں پھینک دیا، جس کو تلاش کرنے کی خاطر مارکوز ، ایس ڈی آر ایف اور نیوی کی بھی خدمت حاصل کی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز پولیس ، سی آر پی ایف ، ایس ڈی آر ایف، مارکوز اور نیوی کے اہلکاروں نے سید پورہ عیدگاہ میں ایوا کدل کے نزدیک نالے میں تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میں دو پنجابی مزدوروں کی ہلاکت میں ملوث ملزم منظور لنگو نے تحقیقاتی ٹیم کو جانکاری فراہم کی ہے کہ حملے کے بعد اُس نے اپنا موبائل فون اور دیگر قابل اعتراض مواد عیدگاہ میں ایوا کدل کے نزدیک پانی میں پھینک دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جس موبائل فون کو عسکریت پسند نے پانی میں پھینکا اُسی کے ذریعے ہی وہ پاکستانی ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیقات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر موبائل فون اور دیگر قابل اعتراض مواد کی برآمدگی ناگزیر ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سید پورہ عیدگاہ میں علی جان روڈ کے اردگرد نالوں میں بھی تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے، تاکہ جلد از جلد اس اہم ثبوت کو ضبط کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مارکوز ، ایس ڈی آر ایف اورنیوی کے اہلکار مشترکہ طورپر پانی میں موبائیل فون کو تلاش کر رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت جلد ہم اس موبائل فون اور قابل اعتراض مواد کو برآمد کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ موبائل فون کی برآمدگی سے مزید ہائبرڈ ملی ٹینٹوں کے بارے میں جانکاری حاصل ہو سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹارگیٹ کلنگ کشمیر: کلیدی ملزم اسلحہ سمیت گرفتار، آئی جی پی کشمیر
بتادیں کہ سرینگر کے شالہ کدل علاقے میں سات فروری کو دو پنجابی مزدوروں کی ہلاکت کے بعد آئی جی کشمیر ودھی کمار بردی نے ڈی آئی جی سینٹرل کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر حملے کے کلیدی ملزم کو چند دنوں کے اندر اندر ہی گرفتار کیا۔