سرینگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو کہا کہ انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے امرناتھ یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات عمل میں لائے ہیں اور اس گزشتہ سال کے مقابلے امسال یاترا مزید بہتر طریقے سے انجام دی جائے گی۔ ان باتوں کا اظہار ایل جی نے سرینگر کے راج بھون میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا اور کہا کہ پُرامن یاترا کے لیے حفاظت کے وسیع بندوسبت کیے گئے ہیں تاکہ احسن طریقے سے یاترا ہوپائے۔
یہ بھی پڑھیں:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایس آر سی سی بزنس کانکلیو 2024 سے خطاب کیا
قابل ذکر ہے کہ آج بابا امرناتھ کی "پرتھم پوجا" اختتام پذیر ہوئی ہے اور سالانہ یاترا رواں ماہ 29 جون سے شروع ہورہی۔ اس سال انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز نے یاترا کے پرامن انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی طرف سے امرناتھ گپھا کی طرف جانے والی سڑک کو چلنے پھرنے کے لیے مزید ہموار اور بہتر بنایا ہے تاکہ شردھالوں کی بغیر کسی پریشانی کے نقل و حرکت آسان بن سکے۔
ایل جی نے کشمیر کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ یاترا کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھر پور تعاون پیش کریں اور یاتریوں کو سہولت فراہم کرنے کی اپنی پرانی روایت کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پرامن اور بنا کسی خلل کے امرناتھ یاترا ملک اور دنیا میں جموں و کشمیر کی ایک اچھی تصویر پیش کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے۔