ترال: وادیٔ کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی آہٹ کے بعد ہی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے اور سیاسی لیڈران کی جانب سے پارٹی وفاداریاں بدلنے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ جب کہ کئی لیڈران گھر واپسی بھی کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ترال علاقہ میں اہم۔ سیاسی پیش رفت کے بطورِ ایک نامور سیاسی گھرانے کے چشم وچراغ نے باقاعدہ سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق ممبر پارلیمنٹ مرحوم علی محمد نائک کے صاحب زادے رفیق احمد نائک نے آج باضابطہ سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
آج اپنی رہائش گاہ واقع ترال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کے دوران انہوں نے کہا کہ اپنے والد مرحوم کے ووٹروں کی جانب سے اصرار پر وہ باضابطہ سیاست کا آغاز کر رہے ہیں۔ تاکہ ترال میں ترقی کا ایک نیا باب شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے اس حوالے سے وہ کارکنوں کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ کئی پی ڈی پی لیڈران ان کے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن جو بھی فیصلہ ہوگا وہ عوام کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی لیا جائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد نے ترال علاقہ میں بہت اچھا کام کیا ہے اور وہ بھی اپنے مرحوم والد کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔