سرینگر: جموں کشمیر کے سرمائی دارلحکومت سرینگر میں اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے جمعرات کو 18 مقامات پر چھاپے مارے اور تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ ایس آئی اے کے مطابق یہ چھاپے سرینگر کے چھانہ پورہ، رام باغ اور دیگر مقامات پر پلیسمنٹ ایجنسیز Placement Agenciesکے دفاتر اور ان کے مالکان کے خلاف ڈالے جا رہے ہیں۔
ایس آئی اے کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں یکم فروری 2024 کو ایس آئی اے سرینگر کے دفتر میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور کورٹ سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے آج چھاپہ مار کاروائیاں انجام دی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ چھاپے ان پلیسمنٹ ایجنسیز کے خلاف ڈالے جا رہے ہیں جنہوں نے کشمیری طلبا کو پاکستان طبی و انجینئرنگ ڈگریاں حاصل کرنے کے لئے بھیجا تھا۔
واضح رہے کہ ایس آئی اے، جموں کشمیر پولیس کی ایک خصوصی تحقیقاتی ونگ ہے جس کو موجودہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس رشمی رنجن سوئین نے سنہ 2020 میں قائم کیا تھا۔ یہ ایجنسی جموں کشمیر میں عسکریت پسندی، علیحدگی پسندی سے متعلق معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس ایجنسی میں جموں کشمیر پولیس کے افسران اور اہلکار تعینات ہیں اور اس کا صدر دفتر سرینگر کی پریس کالونی میں واقع ہے۔
مزید پڑھیں: SIA Raids in Poonch: پونچھ میں ایس آئی کا چھاپے
ایس آئی اے کے قیام کے بعد اس ایجنسی نے جموں کشمیر میں عسکری و علیحدگی پسندی سے متعلق سینکڑوں مقدمے درج کئے اور ان مقدمات کی تحقیقات کے سلسلے میں سینکڑوں افراد کے گھروں یا دفاتر میں چھاپے ڈالے اور درجنوں ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔