سرینگر: جموں و کشمیر کے نو منتخب ایم ایل ایز پیر کو قانون ساز اسمبلی میں حلف دلایا گیا ہے، جس میں بی جے پی کے 29 ایم ایل ایز بھی شامل ہیں۔ ایسے میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد جموں و کشمیر اسمبلی فعال بن گئی۔ پرو ٹیم سپیکر مبارک گل نو منتخب ایم ایل ایز کو پیر کی دوپہر 2 بجے حلف دلایا۔
90 رکن قانون ساز اسمبلی میں 3 خاتون ایم ایل ایز بھی شامل ہیں، جن میں نیشنل کانفرنس کی دو جبکہ بی جے پی کی ایک ایم ایل اے شامل ہیں۔ قانون ساز اسمبلی میں اس مرتبہ تین خاتون ایم ایل اے اپنے اپنے حلقہ کی نمائندگی کریں گی۔ جن میں کشتواڑ سے ایم ایل اے شگن پریہار، ڈی ایچ پورہ کی ایم ایل اے سکینہ مسعود ایتو اور حبہ کدل کی ایم ایل اے شمیمہ فردوس کے نام قابل ذکر ہیں۔
ایسے میں کشتواڑ حلقے سے بی جے پی ایم ایل اے 29 سالہ شگن پریہار سب سے کم عمر اسمبلی کی رکن ہیں۔ جبکہ این سی کے چرار شریف حلقہ کی ایم ایل اے 80 سالہ عبدالرحیم راتھر سب سے بزرگ رکن اسمبلی ہیں۔
ایسے میں کشتواڑ حلقہ کی بی جے پی خاتون ایم ایل اے شگن پریہار نے این سی کے سجاد کچلو کو 521 ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ 29 برس کی شگن پریہار نے 29,053 ووٹ حاصل کیے۔ تاہم شگن کے والد اجیت پریہار اور ان کے چچا انیل پریہار کو 2018 میں قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کی بے وقت موت نے شگن کو سیاست میں قدم رکھنے پر مجبور کیا۔ شگن پریہار نے پنجاب ٹیکنیکل یونیورسٹی سے ایم ٹیک کی ڈگری حاصل کی ہے۔
حلف لینے سے قبل ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین کے ساتھ ایک خاص بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ آج کا دن میرے لیے بے حد اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشتواڑ کے لوگوں نے مجھے منتخب کر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے اور میں بھر پور کوشش کروں گی کہ میں ان کے توقعات پر کھری اتروں۔
شگن پریہار نے کہا کہ کشتواڑ حلقہ میں تعمیر وترقی کے لحاظ سے کافی چیلنج درپیش ہیں۔ جن پر کام کرنا میری ترجیحات میں شامل ہوگا۔ انہوں نے مضبوط اپوزیشن کے رول پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے ہم سب پر ایک بڑی ذمہ داری ڈالی ہے۔ جس کا ہم پوری طرح سے نبھانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھلے حکومت این سی کی ہے لیکن بی جے پی مضبوط اپوزیشن کا رول ادا کرے گی۔ جہاں حکومت جموں وکشمیر کے حق میں کرے گی ہم حکومت کی تعریف ضرور کریں گے اور جہاں حکومت جموں وکشمیر کے لوگوں کے توقعات کے خلاف کام انجام دے گی، ضرور با اثر آواز بن کر انہیں تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشتواڑ کے عوام کو تحفط ہماری ترجیحات میں شامل ہے جبکہ علاقے میں تعمیر وترقی پر بھی ہمارا بھرپور توجہ مرکوز رہے گا۔ کیونکہ پچھلی حکومتوں نے کشتواڑ ضلع کے ساتھ ہر لحاظ سے سوتیلی ماں کا سلوک کیا ہے، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔