گاندربل: اسمبلی انتخابات سے پہلے گاندربل میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر لیڈر بلال احمد شیخ 23 سال تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد پارٹی کی رکنیت سے مستفیی ہونے کا اعلان کر دیا۔ بلال شیخ جو گاندربل ضلع کے لیے ضلع ترقیاتی کونسل ( ڈی ڈی سی) کے وائس چیئر پرسن کے عہدے پر بھی فائز رہنے کے علاوہ گاندربل کے حلقہ انچارج بھی تھے۔
بلال نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی کے چند سینئر لیڈر جن میں خاص طور سے عبدالرحمان وسیع اور نعیم اختر قابل ذکر ہیں، نے پارٹی کو ہائی جیک کر کے پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
بلال نے الزام لگایا کہ یہ لیڈر اپنے قریبی رشتہ داروں کو اکشن ٹکٹ دینے کے لئے کوشش کر رہے ہیں اور ان لیڈروں اور ورکروں کو نظر انداز کیا جارہا ہے، جنہوں نے پارٹی کو زندہ رکھنے کے لئے اپنا سب کچھ داو پر لگادیا۔ بلال نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اگلے چند روز میں مزید لوگ پارٹی کو چھوڑنے جارہے ہیں۔ بلال نے مزید کہا کہ وہ منگل کو تحریری طور اپنا استفی پارٹی صدر کو پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں: التجا مفتی نے کارکنوں کے ہمراہ مفتی محمد سعید مرحوم کے مزار پر حاضری دی
واضح رہے شیر پتھری گاندربل میں پی ڈی پی کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور بلال کے پارٹی سے چلے جانے سے پی ڈی پی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک بلال شیخ نے اپنے مستقبل کے کسی سیاسی منصوبے کا اعلان نہیں کیا ہے۔