سری نگر: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج سری نگر میں کانگریس امیدوار طارق حمید قرہ کی حمایت میں ایک بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔
راہل گاندھی نے جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کا وعدہ کیا اور یقین دلایا کہ پارٹی جموں و کشمیر کے لوگوں کے تمام حقوق کی بحالی کے لیے لڑے گی۔
اپنے خطاب میں کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ، " ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی ریاست کو یو ٹی بنا دیا گیا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ، ہم نے یہ مطالبہ انتخابات سے پہلے کیا تھا، لیکن بی جے پی نے اسے بحال نہیں کیا۔ میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ ہم بی جے پی پر پہلا دباؤ ریاست کی بحالی کے لیے ڈالیں گے۔ اگر بی جے پی اسے بحال نہیں کرتی ہے تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ کانگریس یہ کرے گی۔ یہ آپ کا آئینی حق ہے،" راہل گاندھی کے اس یقین دہانی کے بعد شرکاء نے زبردست تالیاں بجائیں۔
جموں کشمیر میں دوسرے مرحلے کے تحت 25 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس سے قبل سری نگر میں راہل کی پہلی ریلی نے کانگریس کارکنوں اور حامیوں میں جوش بھر دیا۔
ای ٹی وی بھارت نے ریلی میں شریک کئی کانگریس حامیوں سے بات کی، وہ راہل کی سری نگر آمد سے پرجوش نظر آئے۔ انھوں نے کہا، ۔"ہم بہت خوش ہیں کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی سری نگر آئے۔
کانگریس کے ایک کارکن نے کہا، ہمیں امید ہے کہ ہمارا امیدوار طارق قرہ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہو جائے گا،" ۔ قرہ جموں و کشمیر کانگریس پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہیں، سری نگر کی سنٹرل شالہ ٹینگ اسمبلی سے این سی-کانگریس کے امیدوار کے طور پر چناوی میدان میں ہیں۔ ان کا مقابلہ پی ڈی پی، اپنی پارٹی اور آزاد امیدواروں سے ہے۔
تاہم ان کے اہم مدمقابل این سی باغی عرفان شاہ ہیں، جو ٹکٹ نہیں ملنے کے بعد آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ یہ سیٹ، سیٹ شیئرنگ معاہدے میں کانگریس کو دی گئی تھی۔
قرہ کی ریلیوں میں عمر عبداللہ اور فاروق عبداللہ سمیت این سی قائدین کی واضح غیر موجودگی نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے کہ این سی خفیہ طور پر عرفان شاہ کی حمایت کر رہی ہے۔ لیکن راہل کی ریلی میں این سی کے ایک کارکن نے کہا کہ این سی کے بہت سے کارکن قرہ کی حمایت کر رہے ہیں کیونکہ وہ اتحاد کے امیدوار ہیں۔
راہل کی ریلی میں شریک کانگریس کارکنوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جموں و کشمیر میں پچھلے پانچ سالوں میں بدحالی اور بدانتظامی لائی ہے۔"ہمیں یقین ہے کہ این سی اور کانگریس جموں و کشمیر میں حکومت بنائیں گے اور ان مسائل کو حل کریں گے جو بی جے پی حکومت نے پیدا کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: