پلوامہ: جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات 2024 میں گہما گہمی پیدا ہو گئی ہے جہاں کئی سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار بھی میدان میں ووٹروں کو لبھانے کے لیے اپنے علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ اسمبلی حلقہ پلوامہ کے لیے جہاں پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران میدان میں ہیں، وہیں اس بار کئی آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں جو پہلی مرتبہ اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ پلوامہ اسمبلی حلقہ میں تقریباً 7 امیدوار بطور آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
اس سلسلے میں آزاد امیدوار محمد ایوب میر بھی اپنے منشور کے ساتھ عوام کے درمیان جا رہے ہیں۔ محمد ایوب میر نے کہا کہ ان کے پاس اسمبلی حلقہ کے لیے عوام دوست منشور ہے جس پر وہ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ پچھلی کئی دہائیوں سے بہت زیادہ تکلیف میں ہیں اور اسی وجہ سے جموں و کشمیر میں کئی نئے چہرے اسمبلی انتخابات 2024 کی دوڑ میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پر بےروزگار نوجوانوں کی تعداد کافی بڑھ گئی ہے جو باعث تشویش ہے، جن کو کم کرنے کے لیے ایک پرپوزل تیار کیا جائے گا۔ اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار محمد ایوب میر نے مزید کہا کہ ان اسمبلی انتخابات میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہی ہمارا منشور ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
عمر، محبوبہ کی انتخابی مہم میں جماعت اسلامی مرکزی موضوع، پارٹی منشور سرد خانے میں