شوپیان : عسکریت پسندی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑی کارروائی کے تحت شوپیاں پولیس نے ایک سرگرم عسکریت پسند عدنان شفیع ڈار اور اس کے ایک ساتھی سجاد احمد خان کی غیرمنقولہ جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 (یو اے پی اے) کی دفعہ 25 کے تحت کی گئی ہے۔ ضبط شدہ جائیدادوں کی کل مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی جارہی ہے۔
ضبط شدہ جائیدادوں کی تفصیلات: سرگرم عسکریت پسند عدنان شفیع ڈار ولد محمد شفیع ڈار، رہائشی وانڈینہ، زینہ پورہ، شوپیاں۔ جائیداد: دو منزلہ رہائشی مکان جو 4 مرلہ زمین (خسرہ نمبر 14) پر واقع ہے۔ عدنان شفیع ڈار 18 اکتوبر 2024 کو لاپتہ ہوا، اُسی دن ایک غیر مقامی شخص اشوک چوہان ولد کلدیپ چوہان کو وانڈینہ میں گولیوں کے زخموں کے ساتھ مردہ پایا گیا۔ جائیداد کی ضطبی پولیس اسٹیشن زینہ پورہ کے کیس ایف آئی آر نمبر 94/2024 سے منسلک ہے۔ عسکریت پسند کا ساتھی سجاد احمد خان ولد رشید احمد خان، رہائشی ملہورا، شوپیاں۔ جائیداد: دو منزلہ رہائشی مکان جو 7 مرلہ زمین (خسرہ نمبر 1347/مین) پر واقع ہے اور سجاد احمد کے سسر عبدالمجید کوکا کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ پس منظر: سجاد احمد عسکریت پسندوں کا ساتھی ہے اور دہشت گرد سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے میں ملوث پایا گیا ہے۔
شوپیان پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ یو اے پی اے کے تحت کاروائی کرتے ہوئے دو رہائشی جائیدادیں ضبط کی گئیں۔ یہ کارروائیاں ریونیو حکام کے ساتھ ملکر اور ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئیں تاکہ تمام قانونی ضوابط کی مکمل تعمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ متعلقہ اندراجات ریونیو ریکارڈ میں درج کی گئیں جبکہ جائیدادوں کی فروخت یا منتقلی پر پابندی کا نوٹس بھی جاری کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کٹھوعہ پولیس نے کروڑوں مالیت کی جائیداد ضبط کی
اسی طرح سوپور پولیس نے بھی یو اے پی اے کے تحت کاروائی کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کے ساتھیوں کی لاکھوں روپئے مالیت کی جائیداد کو ضبط کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سوپور کے اسٹیٹ نوپورہ کلاں سوپور میں 16 مرلہ اراضی (سروے نمبر 354) کے ساتھ ایک منزلہ رہائشی مکان جو محمد سبحان خان ولد ستار خان رہائشی نوپورہ کلاں کا تھا ضبط کرلیا گیا۔
سوپور پولیس کے بیان کے مطابق کارروائی مقدمہ ایف آئی آر نمبر 105/2024 سے منسلک کے سلسلہ میں کی گئی۔ پولیس ٹیم اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں جائیداد کی ضبطی کا عمل مکمل ہوا۔