جموں: جموں اور کشمیر پولیس نے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ساتھ مل کر جمعہ کو گھگوال-سامبا سیکٹر میں ہند-پاک سرحد کے ساتھ ایک وسیع مشترکہ گشت کی مشق کی۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس آپریشن کی قیادت سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سانبہ نے کی، جس میں بی ایس ایف کی 65ویں اور 159ویں بٹالین کے کمانڈنٹ اور ضلع پولیس سانبہ کے علاقائی افسران شامل تھے۔
پولیس نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سیکورٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ واقع سامبا ضلع میں اسٹریٹجک مقامات پر نظر رکھنا تھا۔ مشق کے دوران، ٹیم نے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنے کے لیے نالے، نہر و دیگر اہم علاقوں کا معائنہ کیا۔ پولیس اور عوامی رابطہ کو مضبوط بنانے و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معلومات کے بروقت اشتراک کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے افسران مقامی باشندوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات: سانبہ کے سرحدی گاؤں جیردا میں پہلی بار ووٹنگ - Samba Villagers voting first time
علاقہ میں تعینات جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے، افسران نے سخت چوکسی رہنے پر زور دیا۔ ایک سینئر افسر نے کہاکہ ’’ہمارے اہلکاروں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اضافی چوکس اور محتاط رہنا چاہیے۔‘‘ گشت کے دوران بارڈر سیکیورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف حکمت عملیوں اور اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے اس طرح کی مشقوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ "اس طرح کی مشترکہ کوششیں سرحد پر امن کو برقرار رکھنے اور خطے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بہت اہم ہیں۔