جموں: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے لیے آج جموں کا دورہ کریں گے۔
میگا ایونٹ کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ بی جے پی کے مقامی لیڈران اور کارکنان ضلع بھر میں کارکنان کو اس ریلی میں آنے کے لیے راغب کر رہے ہیں۔
مودی کے خطاب کے لیے منتخب کردہ مقام مولانا آزاد اسٹیڈیم کو سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سیل کر دیا جائے گا اور ریلی سے پہلے کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر کے لوگوں نے گولی کو مسترد کرتے ہوئے بیلٹ کا راستہ چنا، جے پی نڈا
تیسرا مرحلہ پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ جموں ضلع روایتی طور پر بی جے پی کا گڑھ سمجھا جارہا ہے۔ نریندر مودی پہلے ہی جموں و کشمیر کا دورہ کر چکے ہیں اور انتخابی مہم کے پہلے دو مرحلوں میں بی جے پی نے کئی عوامی ریلیاں نکالی ہیں۔ واضح رہے کہ تیسرے مرحلے کے تحت یکم اکتوبر کو دیگر اضلاع کے ساتھ جموں میں بھی ووٹنگ ہوگی اور 8 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔