گاندربل: محکمہ پولیس میں شہید ہوئے اہلکاروں کو یاد رکھنے کے لئے ایک درخت شہید کے نام کے تحت گاندربل پولیس نے سندھ فاریسٹ ڈویژن گاندربل کے اشتراک سے متعدد تعلیمی اداروں میں شجر کاری مہم کے دوران سینکڑوں درخت لگائے۔ ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی قیادت میں بملورہ میں نالہ سندھ کے کنارے پر واقع پارک میں شہید کے نام ایک درخت لگایا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈویڑنل فاریسٹ آفیسر دانش علی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر غلام حسن، ڈی ایس پی ڈار نظیر احمد، پولیس اور محکمہ جنگلات کے اعلی حکام اور عملہ بھی موجود تھے۔ شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا نے کہا کہ یہ پہل شہریوں میں حب الوطنی اور ان کی مادر وطن کے تئیں ذمہ داری کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے کی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو بچانے میں مدد ملتی ہے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ ہم قوم کی خاطر ہمارے بہادر جوانوں کی عظیم قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے عوام میں ان کی جانوں کی قربانی کو یادگار بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد وطن کے لئے جان دینے والوں کے نام پر کم از کم ایک درخت لگانا اور تعیناتی کے دوران شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی سے پاک صاف کرنے کے لئے پولیس کے کردار کو سمجھنے کے لیے بیداری اور اہمیت کو فروغ دینا ہے۔