بانڈی پورہ: بانڈی پورہ حلقہ سے پی ڈی پی کے امیدوار سید تجمل اپنے آبائی علاقے خیار میں ووٹ ڈالنے کے لئے پہنچے۔ انہوں نے ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی لیکن لوگوں کی حالت جوں کی توں برقرار ہے۔ عوام کو گزشتہ 10 سال سے جمہوریت سے دور رکھا گیا ہے۔ آج کا دن ہم سب کے لیے ایک خاص دن کی طرح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دس سال کے بعد ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اس لئے لوگ اپنے امیدواروں کو چننے کے لئے جوق در جوق سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پچھلے دس سال کے دوران کچھ حد تک بنیادی کام کئے گئے ہیں۔ لیکن اس دوران عام لوگوں کو سیاسی اور انتظامی اعتبار سے دور رکھا گیا جس کی بدولت لوگ خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے تھے۔ انہوں نے پی ڈی پی کے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دور حکومت میں لوگوں کی سکیورٹی، سیاسی، ترقیاتی اور روزگار کے بڑے اور دیرینہ مسائل حل کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ آج بتاریخ یکم اکتوبر کو جاری ہے۔ اس مرحلے میں کئی سینیئر رہنماؤں، سابق وزراء، ایم ایل ایز اور بیوروکریٹس کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہو چکی ہے جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ آخری مرحلے کے لیے انتخابی مہم اتوار کو ختم ہو گئی تھی جس کے بعد ووٹرز متعدد اہم شخصیات کی قسمت کا فیصلہ آج کریں گے۔ جموں ڈویژن میں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) تمام 24 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ جبکہ کانگریس نے 19 حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔