ترال (پلوامہ): پی ڈی پی کی جانب سے آج جنوبی کشمیر کی آٹھ نشستوں کےلیے امیدواروں کی نامزدگی کا اعلان کیا گیا۔ ترال سے سابق ممبر پارلیمنٹ علی محمد نائک کے فرزند رفیق احمد نائک کو نامزد کیا گیا ہے۔ مینڈیٹ ملنے پر رفیق احمد نائک نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور لوگوں سے اپیل کی وہ پی ڈی پی کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔
اس سے قبل نائک نے ترال سے سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ پارٹی میں شمولیت کی اس موقع پر پارٹی لیڈران نے نائک کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ انکی آمد سے پی ڈی پی اور مضبوط ہوگی اور سیٹ نکالنے میں کامیاب ہوگی۔
ترال پہنچنے پر نائک نے خانقاہ فیض پناہ پر حاضری دی اور بعد میں اپنی رہائش گاہ پر ورکرو ں سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان بہت اچھے ہیں اور آج میں ان کی وجہ سے یہاں تک پہنچا ہوں۔ میں اپنے ورکروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے میں نامزد کیا گیا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش رہے گی کہ وہ ترال کی عوام کے لئے بہتر نمائندگی کر سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وہ روٹھے ہوئے ورکروں کو منانے کی کوشش بھی کریں گے اور پارٹی کو تقویت دیں گے۔
رفیق احمد نائک جو کہ سابق ممبر پارلیمان علی محمد نائک کے فرزند ہیں، ان کو نامزد کرنے کے ساتھ ہی پی ڈی پی یونٹ ترال کے کئ عہدیدار ناراضگی کا اظہار کر چکے ہیں جن میں مقامی ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہری بخش سنگھ اور محمد لطیف بٹ قابل زکر ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر ہری بخش سنگھ، انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ترال علاقہ میں پی ڈی پی کا اچھا خاصا ووٹ بینک ہے اور اس کو یکجا رکھنا بہت ضروری ہے۔ مگر اس وقت پارٹی قیادت کے لیے یہ مشکل کام ہے۔
حالات بتا رہے ہیں کہ دو بار ممبر اسمبلی رہ چکے مشتاق احمد شاہ بھی پارٹی سے ناراض ہیں، تاہم رفیقِ احمد نائک کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی کا گراؤنڈ ورکر انکے ساتھ ہے اور چند لیڈران کے چلے جانے سے پی ڈی پی ترال کو زیادہ خطرہ نہیں ہے۔
رفیق احمد نائک نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پارٹی یہاں سے سیٹ نکالنے میں کامیاب ہوگی۔ بتادیں کہ ترال کی سیٹ پورے جنوبی کشمیر میں حساس تصور کی جاتی ہے جس پر تمام سیاسی ماہرین کی نگاہیں جمی رہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: