سرینگر (جموں کشمیر) : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ترجمان اعلیٰ سہیل بخاری نے اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے۔ سہیل بخاری نے سرینگر میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ انہوں نے پی ڈی پی سے کنارہ کشی اختیار کر کے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔
پی ڈی پی - بی جے پی مخلوط حکومت کے میڈیا کنسلٹنٹ رہ چکے سہیل بخاری نے سال 2019 میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2023 میں انہیں ترجمان اعلیٰ مقرر کیا گیا تھا۔ سہیل بخاری کے مستعفی ہونے سے قبل، پی ڈی پی کے کئی سینئر رہنما پی ڈی پی کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ سابق ایم ایل اے اعجاز میر کے علاوہ ترال کے ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہر بخش سنگھ سمیت کئی دیگر ڈی ڈی سی ممبران نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفی دے کر پی ڈی پی کو خیر باد کہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی پی میں یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جموں وکشمیر میں تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے۔ یو ٹی جموں کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات 18 ستمبر، جبکہ دوسرے مرحلے کے تحت 25ستمبر کو جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت یکم اکتوبر کو ہونے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے انتخابات کا اعلان کیے جانے کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ جہاں سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی منشور جاری کیا جا رہا ہے وہیں سیاسی لیڈران کا ایک پارٹی سے مستعفی ہوکر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی تیز ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی پی میں بغاوت، منڈیٹ نہ ملنے پر جنوبی کشمیر کے کئی لیڈر باغی - Revolt in PDP