اوڑی: جموں کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کا سلسلہ جاری ہے، یہاں دو مرحلوں میں انتخابات ہوئے ہیں جبکہ شمالی کشمیر میں 20 مئی پولنگ ہوگی۔ جموں و کشمیر میں تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں اور انہیں جتانے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔ ضلع بارہمولہ کے اوڑی میں آج نیشنل کانفرنس کی جانب سے یوتھ کنونشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اوڑی مین مارکیٹ میں ریلی نکالی گئی، جس میں نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر ڈاکٹر سجاد شفیع، یوتھ پریزیڈنٹ شمالی کشمیر وقار خان، ڈی ڈی سی ممبر بونیار اسماعیل خان اور دیگر پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔
یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سجاد شفیع نے کہا کہ ’ہم یہ الیکشن کسی کے خلاف نہیں لڑ رہے ہیں، ہم یہ الیکشن بیروزگار نوجوانوں کےلئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے جموں کشمیر سے دفعہ 370 کو منسوخ کیا ہے ہم ان کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاسی پارٹیاں درپردہ بی جے پی کی تائید کررہی ہیں ہم ان کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی اقتدار میں آئی ہے تب سے جموں و کشمیر میں بے بروزگاری بڑھ گئی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو روزگار ملے۔