گاندربل: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے پیر کے روز ایس کے آئی ایم ایس صورہ کا دورہ کیا تا کہ گنگیر ، گاندربل حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔ عمر عبد اللہ تقریباً 4:30 بجے ایس کے آئی ایم ایس پہنچے۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے وزیر اعلیٰ کو زخمیوں کی حالت اور دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
عمر عبد اللہ نے کہا، ”میں نے سرینگر میں ایس کے آئی ایم ایس کا دورہ کیا تا کہ گنگیر ، گاندربل ضلع میں حالیہ دہا دہشت گر نگرد حملے میں زخمی ہونے والے تعمیراتی مزدوروں کی حالت کا جائزہ لے سکوں۔ یہ مزدور ایک اہم انفراسٹرکچر منصوبے پر کام کر رہے تھے، جنہیں شدت پسندوں نے وحشیانہ حملے کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔ میں نے طبی عملے سے ملاقات کی تاکہ یقینی بنایا جاسکے کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے "۔ انہوں نے مزید کہا، ” میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو اس حملے میں متاثر ہوئے۔ میں ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور ضلعی حکام اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے"۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کو ایس کے آئی ایم ایس میں بہترین علاج مل رہا ہے اور انہوں نے ہر زخمی فرد سے ملاقات کر کے اپنی بھر پور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ان کی مکمل صحت یابی کے لیے تمام ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔