سری نگر: جموں و کشمیر کے نو منتخب ارکان اسمبلی آج حلف اٹھائیں گے۔ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کا پہلی قانون ساز اسمبلی ہوگی اور چھ سال بعد سری نگر کا اسمبلی کمپلیکس اس طرح کا واقعہ پہلی بار دیکھے گا۔ ارکان اسمبلی دوپہر 2 بجے اپنے عہدے کا حلف لیں گے اور پروٹیم اسپیکر مبارک گل جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان کو حلف دلائیں گے۔
پہلی بار منتخب ہونے والے 51 ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ ان کے ساتھ تین خواتین اور سات مرتبہ کامیاب ہوئے دو ارکان اسمبلی بھی حلف لیں گے۔ این سی اور بی جے پی کے پاس زیادہ تر پہلی بار کامیاب ہوئے ارکان ہیں، جب کہ بی جے پی کی شگن پریہار، کشتواڑ سے 29 سالہ خاتون رکن اسمبلی ساکن ایتو اور این سی کی شمیمہ فردوس کے ساتھ حلف لیں گی۔ 90 رکنی اسمبلی میں صرف تین خواتین منتخب ہوئیں۔ این سی کے رحیم راتھر اور علی محمد ساگر قانون ساز کے سب سے پرانے ممبر ہیں اور ساتویں بار ایم ایل اے کے طور پر حلف لیں گے۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ اور ان کے پانچ کابینی وزیروں کو بدھ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (SKICC) میں حلف دلایا۔ پروٹیم اسپیکر گل نے افسران کو اسمبلی کمپلیکس میں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور سکیورٹی اداروں سے کہا ہے کہ وہ قانون ساز اسمبلی کمپلیکس کے اندر اور اس کے اطراف سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں۔
اسمبلی کمپلیکس چھ سال کے بعد ایک سرگرمی دیکھے گا کیونکہ جون 2018 میں آخری منتخب حکومت اس وقت ختم ہوئی تھی جب بی جے پی نے وزیر اعلیٰ کے طور پر محبوبہ مفتی کی حمایت واپس لے لی تھی، اور اس کے بعد سے جموں و کشمیر میں صدر راج نافذ تھا۔ نیشنل کانفرنس کے پاس 42 قانون ساز ہیں، کانگریس کے چھ، سات آزاد امیدواروں نے بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کی جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 90 ممبران اسمبلی میں 29 سیٹیں جیتی ہیں۔
این سی نے کانگریس اور پانچ آزاد ارکان اسمبلی کی حمایت سے حکومت بنائی، جس میں این سی کے نائب صدر عمر عبداللہ مرکزی زیر انتظام علاقے کے وزیر اعلیٰ بنے اور این سی کے سریندر چودھری نائب وزیر اعلیٰ بنے۔ پروٹیم اسپیکر مبارک گل نے اراکین اسمبلی کی تقریب حلف برداری کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔