اننت ناگ: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی وادی کشمیر میں ان کی پارٹی کے خلاف امیدوار کھڑا نہیں کر سکتی ہے اور دونوں پارٹیاں انڈیا الائنس کا اٹوٹ حصہ ہیں۔عمر عبداللہ نے صحافیوں سے اننت ناگ کے لیور علاقہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے این سی کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں دکھایا ہے۔
عبداللہ نے دہلی میں انڈیا بلاک کی ایک حالیہ ریلی کا حوالہ دیا، جہاں محبوبہ مفتی نے این سی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا اور اتحاد کے لیے پی ڈی پی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات کو ہوا نہ دیں۔
عبداللہ نے کشمیر میں نئے اتحاد کے ابھرنے پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ جماعتیں بی جے پی کے کہنے پر کام کر رہی ہیں اور جموں و کشمیر میں اس کے پراکسی کے طور پر الیکشن لڑیں گی۔
انہوں نے کہا: 'دنیا کے طاقتور ملکوں نے بھی نوٹس کیا ہے کہ الیکشن سے پہلے کس طرح اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اروند کیجروال اور دوسرے وزیر اعلیٰ کو حال ہی میں گرفتار کیا گیا'۔ان کا کہنا تھا: 'ان کی گرفتاریاں اور اس طرح ایجنسیوں کو استعمال کرنا ملک کی جمہوریت کے لئے خطرناک صورتحال ہے ملک کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا'۔
عمر عبداللہ نے کہا: 'ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت عظمیٰ اور الیکشن کمیشن ان چیزوں کو نظر انداز نہیں کرے گا اور الیکشن کے دوران اس طرح ایجنسیوں کے استعمال پر پابندی لگائی جائے گی'۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر انتظامیہ اقتدار نہیں چھوڑنا چاہتی،عمر عبداللہ
آرٹیکل 370 کی منسوخی پر عبداللہ نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین غلطی تھی، جس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے حقوق سے محروم کر دیا۔ انہوں نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کی بھی مذمت کی اور کہا کہ وہ بی جے پی کی ناقص پالیسیوں کا شکار ہوئے ہیں۔