پلوامہ:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے مدنظر تشہیری مہم زور شور سے جاری ہے۔اسی درمیان جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے آج ضلع پلوامہ کے ترچھل علاقے میں ایک پارٹی میٹنگ کا انعقاد کیا تھا۔ اس کی صدارت جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر ڈاکٹر سمیع اللہ نے کی۔اس موقع پر اپنی پارٹی یوتھ صدر پلوامہ وسیم ملک اور دیگر سینئر کے علاؤہ عام لوگوں کی ایک تعداد نے شرکت کی۔
اس میٹنگ کا مقصد اپنی پارٹی کے سرینگر پارلیمانی نشست کے امیدوار محمد اشرف میر کے لئے حق میں ووٹ ڈالنے اور عوام کو اس کے لئے تیار کرنا تھا۔ پارلیمانی انتخابات کے لئے آج سے مہم شروع کی گئی جس کے تحت گھر گھر جاکر امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر پر حکومت کرنے والی پارٹی نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کی تشکیل کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا اور حالات کو معمول پر لانا ہے۔